غیر قانونی و بغیر لائسنس کام کرنے والی ٹریول ایجنسیز کے خلاف کریک ڈائون کی ہدایت کر دی گئی

ہفتہ مئی 12:33

فیصل آباد۔26 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 مئی2018ء) حکومتی ہدایات کی روشنی میں فیصل آباد سمیت دیگر اضلاع میں غیر قانونی و بغیر لائسنس کام کرنے والی ٹریول ایجنسیز کے خلاف کریک ڈائون کی ہدایت کی گئی ہے اور نام نہاد ایجنٹس کی بھی کڑی نگرانی شروع کر دی گئی ہے تاکہ انسانی سمگلنگ کی روک تھام سمیت حج ، عمرہ ، روزگار اور دیگر امور کیلئے سبز باغ دکھا کر سادہ لوح و شریف شہریوں کو لوٹنے والے خود غرض ، مفاد پرست عناصر کا قلع قمع کیاجاسکے۔

فیصل آبادڈویژنل انتظامیہ کے ذرائع نے بتایاکہ حکومت نے بعض میڈیارپورٹس کا سختی سے نوٹس لیاہے جن میں بتایاگیاتھاکہ کچھ غیر قانونی اور بلالائسنس کام کرنے والی ٹریول ایجنسیز اور ان کے ایجنٹ معصوم شہریوں کو بیرون ملک بھجوانے کا جھانسہ دے کر فراڈ کے ذریعے رقوم بٹور رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ تمام ڈی سیزاور اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی تحصیلوں،قصبوں اور ملحقہ علاقوں میں جعلی اور دھوکہ باز ٹریول ایجنٹس پر گہری نظر رکھیں اور ان کے بارے میں خفیہ رپورٹس حاصل کرکے معصوم شہریوں کو بیرون ملک بھجوانے کا جھانسہ دیکر فراڈ اور رقوم بٹورنے والوں پر قانون کا مضبوط ہاتھ ڈالا جائے۔

انہوں نے کہا کہ بعض ٹریول ایجنسیز کی طرف سے بلا لائسنس اور بلا اجازت حج پیکج کے تحت بکنگ کرنے اور انسانی سمگلنگ میں ملوث ہونے سے متعلق عوامی شکایات پر کسی غفلت کا مظاہرہ نہ کیاجائے اور ایسی نام نہاد و جعلی ٹریول ایجنسیز کے تشہیری بینر ز قبضہ میں لیکر ان کیخلاف دھوکہ دہی کے الزام میں مقدمات درج کرائے جائیں ۔انہوں نے عوام الناس سے بھی اپیل کی کہ وہ نام نہاد ٹریول ایجنٹس سے ہوشیار رہیں اور ایسے غیر قانونی د ھندے میں ملوث عناصر کی متعلقہ اداروں کو فوری نشاندہی کی جائے۔

متعلقہ عنوان :