مقبوضہ کشمیر، بھارتی فوج نے مزید پانچ کشمیری نوجوان شہید کردیئے

نوجوانوں کی شہادت کی خبر پھیلتے ہی وادی میں مظاہرے شروع ،بھارتی فورسز کا تشدد ،متعدد زخمی درجنوں افراد کے گرفتار ہونے کی اطلاعات ،قابض انتظامیہ نے انٹرنیٹ سروس معطل کر دی ،حالات مزید کشیدہ ہونے کا خدشہ

ہفتہ مئی 12:40

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 مئی2018ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز نے ریاستی دہشتگردی کی تازہ کارروائی کے دوران ضلع کپواڑہ کے علاقے ٹنگڈار میں پانچ کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ہفتہ کی صبح بھارتی فورسز نے علاقے میں فوجی آپریشن اور محاصرے کے دوران ان نوجوانوں کو شہید کردیا۔ آخری اطلاعات آنے تک علاقے میں کارروائی جاری تھی۔

(جاری ہے)

دوسر ی جانب نوجوانوں کی شہادت کی خبر جنگل میں آگ کی طرح پھیل گئی جس کے بعد وادی کے مختلف علاقوں میں احتجاجی مظاہرے شروع ہو گئے ۔ اطلاعات کے مطابق وادی کے کئی علاقوں میں احتجاجی مظاہروں کے دوران بھارتی فورسز کی جانب سے مظاہرین پر لاٹھی چارج اور آنسوگیس کی شیلنگ کی گئی جس کے نتیجے میں درجنوں افراد زخمی ہو گئے ۔ذرائع کے مطابق مظاہروں میں شدت آنے کے خطرے کے پیش نظر قابض انتظامیہ نے انٹرنیٹ سروس معطل کر دی ۔اطلاعات کے مطابق کئی علاقوں میں فون سروس بھی معطل رہی ۔