بھارت نے پورے مقبوضہ کشمیر کو آگ و آہن کی بھٹی میں جھونک دیا ہے ،ْسید علی گیلانی

پاکستان ، بھارت مسئلہ کشمیرکو تاریخی حقائق کی روشنی میں حل کرنے کی شروعات کر یں،بیان

ہفتہ 26 مئی 2018 12:42

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مئی2018ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے پاکستان اور بھارت کے درمیان کنٹرول لائن پر جاری گولہ باری کے نتیجے میں انسانی جانوںکے اتلاف پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ملکوں کو چاہیے کہ وہ تنازعہ کشمیر کو تاریخی حقائق کی روشنی میں حل کرنے کی شروعات کر کے ایک نئے خوش آئند باب کا آغاز کریں۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سید علی گیلانی نے سرینگر میںجاری ایک بیان میں کہا کہ کنٹرول لائن پر روز روز کی گولہ باری نے انسانی آبادی کو بری طرح سے متاثر کر کے رکھ دیا ہے لہذا دنوں ملکوں کو ابتر صورتحال پرسنجیدگی کیساتھ غو وفکرکرنا چاہیے ۔ سید علی گیلانی نے کہا کہ بھارتی فوجیوں نے اگرچہ پورے مقبوضہ کشمیر کو آگ وآہن کی بھٹی میں جھونک دیا ہے لیکن اس کے باوجود کشمیریو ں کے حوصلے بلند ہیں اور آزادی کے حق میں فلک شگاف نعرے بلند کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ علاقے کی زمینی صورتحال کو جھٹلارہا ہے اور نوشتہ دیوار پڑنے کے بجائے علاقے میں سڑکوں کے جال بچھانے، بجلی کے کارخانے لگانے، نوجوانوںکو روز گار اور معاشی ترقی کو فروغٖ دینے کے نعرے لگا کر حق خود ارادیت کی تحریک سے لوگوں کو دور کرنے کی کوشش کر رہا ہے لیکن اسے یاد رکھنا چاہیے کہ کشمیر میں ان پر فریب نعروں کا کوئی خریدار نہیں ۔

سید علی گیلانی نے کہا کہ کشمیری اپنے پیدائشی حق ، حق خود ارادیت کے حصو ل کے لیے بیش بہا قربانیاں دے رہے ہیں اور وہ اپنی جدوجہد کو مقصد کے حصول تک جاری رکھنے کا عزم کیے ہوئے ہیں ۔ حریت چیئرمین نے مسئلہ کشمیر کو خطے کی دو ایٹمی طاقتوں کے درمیان محاذ آرائی کی بنیادی وجہ م قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس تنازے کو مزید وقت ضائع کئے بغیر کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل کرنے کی اشد ضرورت ہے، تاکہ خطے میں دائمی امن قائم ہو سکے۔

دریں اثنا کل جماعتی حریت کانفرنس نے اپنے چیئر مین سید علی گیلانی کی مسلسل گھر میں نظربندی اور انہیں رمضان المبارک کے مقدس ایام میں بھی نماز جمعہ کی ادائیگی سے محروم رکھنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے دینی معاملات میں مداخلت قر ار دیا ۔ یادر ہے کہ کٹھ پتلی انتظامیہ نے سید علی گیلانی کو گزشتہ آٹھ بر س سے سرینگر میں اپنے گھر میں نظر بند کر رکھا ہے۔