جنگ بندی کا بھارتی اعلان محض ایک ڈرامہ ہے ،ْاشرف صحرائی

بھارتی فورسز نے گرفتاریوں، محاصروں ، تلاشیوں اور توڑ پھوڑ کا سلسلہ تیز کر دیا ہے، بیان

ہفتہ 26 مئی 2018 12:42

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مئی2018ء) مقبوضہ کشمیر میں تحریک حریت جموںوکشمیر کے چیئرمین محمد اشرف صحرائی نے بھارتی فورسز کی طرف سے اسلام آباد کے علاقے آرونی میں گھروں پر چھاپوں کے دوران نوجوانوں کی گرفتاری اور مکینوں کو بلا لحاظ عمر و جنس سخت مار پیٹ کا نشانہ بنانے کی شدید مذمت کی ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق محمد اشرف صحرائی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں نے آرونی میں رات کے وقت گھروںپر چھاپوں کے دوان صدام حسین ملک، مدثر احمد ملک، محمد رفیق نجار، ناصر حسین ، یاسر احمد ڈار، زاہد شفیع، حسن البناء عامر احمد اور یامین احمد گنائی کو گرفتار کیاجبکہ چھاپوں کے دوران خواتین، بچوں اور معمر افراد سمیت مکینوں کی شدید مارپیٹ اور قیمتی گھریلو اشیا کی توڑ پھوڑ کی گئی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایک گرفتار نوجوان کی والدہ کو بھی شدید زخمی کیا گیا جبکہ دیگر خواتین کے ساتھ بھی وحشیانہ سلوک کیا گیا۔ محمد اشرف صحرائی نے کہا کہ بھارتی فورسز کی چیرہ دستی کی وجہ سے آرنی میں پوری رات شہریوں کی آہ و فغان جاری رہی ۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے متبرک مہینے کے دوران جنگ بندی کا بھارتی اعلان محض ایک ڈرامہ ہے جبکہ بھارتی فورسز نے مقبوضہ علاقے میں گرفتاریوں، محاصروں، تلاشیوں اور توڑپھوڑ کا سلسلہ تیز کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ قابض بھارتی فورسز نے ظلم و ستم کا جو بازار گرم کر رکھا ہے اس نے انسانیت کو بھی شرمسار کر دیا ہے۔