ایران جوہری معاہدے کو بچانے کے حوالے سے مزید پر اعتماد

ہفتہ 26 مئی 2018 13:02

ویانا ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مئی2018ء) آسٹریا کے شہر ویانا میں ہونے والے مذاکرات کے بعد ایران کے نائب وزیر خارجہ عباس ارقچی نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ امریکا کے جوہری معاہدے سے علیحدگی کے باوجود ایران کے جوہری مسئلے کے حوالے سے طے پانے والے تاریخی معاہدے کا تحفظ کیا جا سکے گا۔انہوں نے کہا کہ جوہری معاہدے کے دیگر پانچ فریقین سے بات چیت کی روشنی میں وہ پر اعتماد ہیں کہ جوہری معاہدے کا تحفظ کیا جا سکے گا۔

(جاری ہے)

عباس ارقچی نے کہا کہ معاہدے میں شامل تمام فریقین نے متفقہ طور پر جوہری معاہدے کے حوالے سے اپنے بھرپورعزائم کا اظہار کیا ہے۔شرکاء نے مذکورہ معاہدے سے امریکی انخلاء کے فیصلے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ایران کے مفادات کا تحفظ اور ایران کے ساتھ اقتصادی تعلقات معمول پر لانے کے حوالے سے اقدامات کا عزم ظاہر کیا۔ارقچی نے کہا کہ ایران تاریخی معاہدے کے تحت اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے یورپ ، روس اور چین کے اقدامات کا منتظر ہے۔