سندھ ہائیکورٹ نے 50 سال سے انصاف کے حصول میں سرگرداں 93 سالہ شہری کی سن لی ،ْمتعلقہ اداروں کو نوٹس

ہفتہ 26 مئی 2018 13:36

سندھ ہائیکورٹ نے 50 سال سے انصاف کے حصول میں سرگرداں 93 سالہ شہری کی سن ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مئی2018ء) سندھ ہائیکورٹ نے 50 سال سے انصاف کے حصول میں سرگرداں 93 سالہ شہری محمد اسماعیل صدیقی کو وکیل فراہم کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو نوٹس جاری کردیئے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق محمد اسماعیل صدیقی نے سندھ ہائیکورٹ میں دائر کی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا تھا کہ 1967 میں انہوں نے محکمہ پرنٹنگ کارپوریشن کے ملازم کی حیثیت سے ایل ایل بی اور ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی اور قواعد کے مطابق انہیں لیبر آفیسر کی حیثیت سے ترقی دینے کا فیصلہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

درخواست گزار کے مطابق تاہم 1986 میں ان کی ریٹائرمنٹ تک فیصلے پر عملدرآمد نہیں ہوا ،ْاسماعیل صدیقی 1986 سے لے کر اب تک عدالتوں کے چکر لگا رہے ہیں۔حتیٰ کہ سپریم کورٹ نے بھی اسماعیل صدیقی کو 4 اضافی انکریمنٹ دینے کا حکم دیا تھا تاہم ابھی تک فیصلے پر عملدرآمد نہیں ہوا۔درخواست گزار کے مطابق وہ اپنا حق حاصل کرنے کی دھن میں ہیٹ ویو اور جلتے سورج سے بھی بے نیاز ہوچکے ہیں۔اسماعیل صدیقی کی درخواست پر سماعت کے بعد سندھ ہائیکورٹ نے وسائل کی کمی کے باعث درخواست گزار کو وکیل فراہم کیا اور متعلقہ محکموں سے جواب طلب کرلیا۔