رحیم یار خان: ٹرالر پر لدا کنٹینر جھونپڑیوں پر الٹ گیا،

ماں 3 بچوں سمیت جاں بحق ،ْ دو زخمی بدنصیب خاندان کے اوپر گرے کنٹینر کو کرین کی مدد سے ہٹایا گیا ،ْ لاشیں اور زخمی رورل ہیلتھ سینٹرترنڈہ محمدپناہ منتقل

ہفتہ 26 مئی 2018 13:36

رحیم یار خان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مئی2018ء) رحیم یار خان میں قومی شاہراہ پر ایک ٹرالر پر رکھا کنٹینر جھونپڑیوں پر الٹ گیا، جس کے نتیجے میں جھونپڑیوں میں سوئے 3 بچوں اور ایک خاتون سمیت 4 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے۔

(جاری ہے)

ریسکیو ذرائع کے مطابق رحیم یار خان کے علاقے لیاقت پور میں ترنڈہ قومی شاہراہ پر لاہور سے کراچی جانے والے ٹرالر پر لدا کنٹینر ملحقہ جھونپڑیوں پر الٹ گیا۔

حادثے کے نتیجے میں کنٹینر کے نیچے دب کر ایک ہی خاندان کے 3 معصوم بچے اور ان کی والدہ جاں بحق اور 2 افراد زخمی ہوگئے۔بدنصیب خاندان کے اوپر گرے کنٹینر کو کرین کی مدد سے ہٹایا گیا جبکہ ریسکیو اہلکاروں نے لاشوں اور زخمیوں کو رورل ہیلتھ سنٹر ترنڈہ محمد پناہ منتقل کردیا۔پولیس کے مطابق ٹرالر ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا جس کی تلاش میں چھاپے مارنے شروع کر دیئے گئے