جنوبی پنجاب کا نعرہ لگانے والے مشرف کے دائیں بائیں بیٹھے تھے،

تب صوبہ کیوں نہیں بنایا ، شاہد خاقان عباسی

ہفتہ 26 مئی 2018 15:16

جنوبی پنجاب کا نعرہ لگانے والے مشرف کے دائیں بائیں بیٹھے تھے،
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مئی2018ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب کا نعرہ لگانے والے مشرف کے دائیں بائیں بیٹھے تھے،تب صوبہ کیوں نہیں بنایا مزید صوبے ضرور بنیں لیکن اتفاق رائے سے بنیں،حکومت کو غیر مستحکم کرنے کیلئے دھرنے دیے گئے ،عدالتوں میں گھسیٹا گیا ،ہم نے کسی امپائر کا انتظار نہیں کئے بغیر ترقی کا سفرجاری رکھا۔

ہفتہ کو موٹر وے کے سکھر شجاع آباد سیکشن کے افتتاح کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ حکومت کو غیر مستحکم کرنے کیلئے دھرنے دیئے گئے اور عدالتوں میں گھسیٹا گیا لیکن ہم نے کسی امپائر کا انتظار نہیں کیا، ترقی کا سفرجاری رکھا۔انہوں نے کہا کہ آج پورے پاکستان میں کہیں بھی جائیں آپ کو مسلم لیگ (ن) کے کام نظرآئیں گے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہا کہ (ن) لیگ کی حکومت نے مشکل وقت میں کام کر کے دکھایا اور صرف منصوبے شروع ہی نہیں کئے مکمل بھی کئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تمام حکومتوں کے پاس وسائل تھے، لیکن کمی سوچ اور نیت کی تھی،پرویزمشرف اور آصف زرداری نے اپنے دور میں بجلی کا کوئی کارخانہ نہیں لگایا۔ انہوں نے کہا کہ کیا دس سال رہنے والی آمریت کے پاس بجٹ نہیں تھا،ہماری حکومت نے اتنی بجلی پیدا کی کہ اگلے بیس سال تک ملک میں بجلی کی کمی نہیں ہو گی ۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ پانچ برسوں میں ہونیوالے کام 65 سال میں نہیں ہوئے، موجودہ حکومت نے دس ہزار چار سو میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل کی۔انہوں نے کہا کہ صوبہ پنجاب کو سب سے زیادہ پیسہ ملتا ہے حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ سب سے کم بجٹ صوبہ پنجاب کا ہے اور اس میں ہی شہباز شریف نے سڑکوں کا جال بچھا کر دکھایا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے ایسا کام کیا ہے جو آج کے لیے بھی ہے اور آنے والے کل کے لیے بھی ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ اگر ترقی کسی صوبے میں ہوئی تو وہ پنجاب میں ہوئی جسے عالمی سطح پر بھی تسلیم کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک طرف وہ سیاست ہے جس کے پلیٹ فارم سے گالی، الزامات اور کسی خیر کی توقع نہیں ہے جب کہ دوسری طرف مسلم لیگ ن ملک کی ترقی ،عوام کی خدمت کا پلیٹ فارم ہے۔