نئے صوبے قومی اتفاق رائے سے بننے چاہئیں،وزیر اعظم عباسی

ہفتہ 26 مئی 2018 15:39

نئے صوبے قومی اتفاق رائے سے بننے چاہئیں،وزیر اعظم عباسی
شجاع آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 مئی2018ء) وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ نئے صوبے قومی اتفاق رائے سے بننے چاہئیں۔ جنوبی پنجاب کے نعرے مارنے والے مشرف کے دائیں بائیں بیٹھے تھے ۔ پاکستان نے ترقی کرنی ہے تو سیاسی نظام سے آنی ہے ۔ گزشتہ روز وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے ایم فائیو موٹر وے شجاع آباد سیکشن کا افتتاح کر دیا جو کہ شجا ع آباد ، جلال پور ، رحیم یار خان ، گھوٹکی اور نیو عاقل سے سکھر کو ملائے گا ۔

ایم فائیو موٹر وے کا یہ سیکشن 392 کلومیٹر پر محیط ہے ۔ اس موقع پر وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پرویز مشرف سمیت کسی بھی حکومت نے اس علاقے کے لئے کوئی کام نہیں کیا۔ پرویز مشرف نے 5-4 منصوبے شروع کئے لیکن کوئی ابھی مکمل نہ کر سکا ۔

(جاری ہے)

آصف علی زرداری نے نہ کوئی منصوبہ شروع کیا نہ مکمل کیا ۔ مسلم لیگ (ن) واحد جماعت ہے جس نے پورے ملک میں منصوبے شروع کئے اور مکمل کر کے دکھائے ۔

2013 کے مقا بلے میں آج حالات بہت بہتر ہو گئے ہیں ۔ پانچ سالہ دور حکومت میں دس ہزار چار سو میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل کر کے لوڈشیڈنگ ختم کر دی ہے انہوں نے کہا کہ لواری ٹنل منصوبہ 1973 میں شروع جو ایک سال قبل نواز شریف کی حکومت نے پایہ تکمیل تک پہنچایا ۔ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے مزید کہا کہ جولائی میں عوام نے فیصلہ کریں گے کہ آئندہ کے لئے کس کو منتخب کرنا ہے ۔ ایک طرف گالی اور الزامات کی سیاست ہے جبکہ دوسری طرف مسلم لیگ(ن) کی حکومت ہے جس کی سیاست خدمت ، شرافت اور ترقی کی سیاست ہے تاہم فیصلہ عوام نے کرنا ہے ۔