پاکستان کی ترقی صرف سیاسی استحکام سے ہی ممکن ہے،

ہر طرح کے نظام آزمانے سے خاطر خواہ نتائج حاصل نہیں ہوئے ، پاکستان صرف جمہوریت کے اندر ہی آگے بڑھے گا، پاکستان مسلم لیگ (ن) نے پانچ سال میں اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبے شروع کرواکر مکمل کروائے جس کی 65سالہ تاریخ میں مثال نہیں ملتی ، ملتان ۔سکھر موٹر وے کے ملتان شجاع آباد حصہ کی تکمیل سے علاقہ کے عوام صرف چند گھنٹوں میں لاہور ، کراچی اور اسلام آباد پہنچ سکیں گے ، یہ منصوبہ مقررہ مدت سے ایک سال قبل مکمل کیاجا رہا ہے وزیر اعظم کا ملتان ، سکھر 294ارب روپے لاگتی منصوبے کے ملتان تا شجاع آباد حصہ کی افتتاحی تقریب سے خطاب

ہفتہ 26 مئی 2018 16:01

پاکستان کی ترقی صرف سیاسی استحکام سے ہی ممکن ہے،
شجاع آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مئی2018ء) وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی صرف سیاسی استحکام سے ہی ممکن ہے، ہم نے ہر طرح کے نظام آزمائے ہیں جن سے خاطر خواہ نتائج حاصل نہیں ہوئے ، پاکستان صرف جمہوریت کے اندر ہی آگے بڑھے گا۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے پانچ سال میں اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبے نہ صرف شروع کئے بلکہ مکمل کروائے جس کی 65سالہ تاریخ میں مثال نہیں ملتی ، ملتان ۔

سکھر موٹر وے کے ملتان شجاع آباد حصہ کی تکمیل سے علاقہ کے عوام صرف چند گھنٹوں میں لاہور ، کراچی اور اسلام آباد پہنچ سکیں گے جو مقررہ مدت سے ایک سال قبل مکمل کیاجا رہا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم نے ملتان ، سکھر 294ارب روپے لاگتی منصوبے کے ملتان تا شجاع آباد حصہ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

قبل ازیں وزیر اعظم نے اس عظیم الشان منصوبے کا افتتاح کیا ۔

وزیر اعظم نے کہاکہ شجاع آباد آکر اس بات کی خوشی ہوئی کہ حکومت نے جو وعدے کئے تھے نا صرف پورے کئے بلکہ اس سے بڑھ کر کام کر د یکھا یا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ 2019ء میں مکمل ہونا تھا جو ایک سال قبل مکمل کیا جا رہا ہے ۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پچھلی حکومتوں کے منصوبے کروڑوں کے ہوں گے لیکن موجودہ حکومت نے صرف پانچ سال میں اربوں روپے کے منصوبے نا صرف شروع کئے بلکہ مکمل کروائے اور ماضی کی حکومتوں کے کئی عشروں سے زیر التواء منصوبے بھی ہم نے مکمل کروائے ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے مشکل حالات کے باوجود تند دہی سے عوام کی خدمت جاری رکھی اور یہی فرق پاکستان مسلم لیگ (ن) اور دیگر جماعتوں میں فرق ہے کیونکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) خدمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے منصوبے ہرضلع میں تکمیل شدہ دکھائی دیں گے۔لیکن ماضی کی حکومتوں نے وسائل کے باوجود کام نہیں کیا ۔انہوں نے کہاکہ نوازشریف کا 1999ء میںشجاع آباد میں ہی جلسہ تھا جس روز حکومت کو توڑا گیا۔

انہوں نے کہاکہ پچھلے پانچ سال میں اتنے کام ہوئے ہیں جتنے 65سال میں نہیں ہوئے تھے۔65سال میں مجموعی طورپر ملک بھر میں20ہزار میگا واٹ بجلی پیدا کی گئی ۔اس کے مقابلے میں صرف ہماری حکومت کے دور میں 10400میگا واٹ بجلی کے منصوبے شروع اور مکمل ہوئے۔انہوں نے کہاکہ ہماری کوشش ہے کہ دیہی علاقوںمیں بھی بجلی کا ترسیل کا نظام بہتر بنایا جائے ، جس کی وجہ سے کچھ خرابیاں ضرور ہیں لیکنپھر بھی ہماری کوشش ہے کہ اس شدید گرمی میں لوڈ شیڈنگ کم سے کم ہو اور خاص طور پر سحری اورافطاری کے اوقات میں بلا تعطل بجلی فراہم ہوتی رہے ،2013ء کے مقابلے میں صورتحال کئی گنا بہتر ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف نے دس سال میں کوئی بھی بجلی کا منصوبہ نہیں لگایا اور پانچ سال میں آصف زرداری نے بھی بجلی کا کوئی کارخانہ نہیں لگایا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے دس ہزار میگاواٹ بجلی بنائی اور مزید کارخانے لگائے جا رہے ہیں جس سے آئندہ بیس سال تک پاکستان کو بجلی کے معاملے میں خودکفالت ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے نا صرف آج کیلئے کام کیا بلکہ پاکستان کے آنے والے کل کیلئے بھی کام کیا ہے اور پوری دنیا اسے تسلیم کر رہی ہے ۔

انہوں نے کہاکہ یہ موٹروے کا منصوبہ مکمل ہونے کے بعد ملتان سے ڈھائی گھنٹے میں لاہور،چار گھنٹے میں اسلام آباد اورآٹھ گھنٹے میں کراچی کی مسافت رہ جائیگی۔ جو آئندہ برس تک مکمل ہو جائیں گے ۔ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ لواری ٹنل کا آغاز 1973ء میںہوا تھا لیکن یہ کریڈٹ بھی سابق وزیر محمد نواز شریف کو جاتا ہے جنہوں نے یہ منصوبہ 28ارب روپے جاری کر کے مکمل کرایا ۔

انہوں نے کہاکہ ایک سیاسی فورم ایسا ہے جس سے خیر کی کوئی توقع نہیں ۔وہاں سے گالی ،الزامات اور پگڑی اچھالنے کا کلچر متعارف کرایا جارہاہے۔انہوں نے کہاکہ جو لوگ آج جنوبی پنجاب کا نعرہ لگا رہے ہیں یہ نعرہ انہوں نے گزشتہ الیکشن میں لگایا تھا لیکن انہوں نے پورے پانچ سال اس پر کوئی بات نہیں کی ، انہوں نے کہا کہ یہ نعرہ انتخابی نعرہ نہیں ہونا چاہئے ۔

جنوبی پنجاب سمیت نئے صوبوں کیلئے قومی اتفاق رائے پیدا کرنے کی ضرورت ہے ہم سمجھتے ہیں کہ اس پر قومی سطح پر مذاکرات ہونے چاہئیں جن میں تمام سیاسی جماعتیں اور اکابرین شامل ہوں ۔انہوں نے کہاکہ عوام کو ایسے نعروں سے ورغلایا جارہا ہے لیکن دھوکہ دہی کی سیاست نہیں چلے گی بلکہ عوامی خدمت کی سیاست چلے گی۔جنوبی پنجاب صوبے کا نعرہ لگانے والے دکھادیں کہ انہوں نے جنوبی پنجاب کی ترقی کیلئے کیا کردار ادا کیا۔

ہم ان سی10گنا زیادہ ترقیاتی کام دکھا سکتے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہاکہ سیاست کا فیصلہ صرف پولنگ اسٹیشن پر ہوتا ہے کوئی اورطریقہ نہیں ہونا چاہیئے۔وزیر اعظم نے کہا کہ ہمیں کہا جاتا رہا کہ امپائر انگلی اٹھادیگا لیکن ہم نے تن دہی سے ملک کی خدمت کاسلسلہ جاری رکھا ۔وزیراعظم نے مزید کہاکہ شجاع آباد خان گڑھ کے درمیان دریائے چناب پرواقع پل کی تعمیر کے لیے فنڈز پی ایس ڈی پی میں مختص کردیئے گئے ہیں جو انتخابی وعدہ نہیںبلکہ یہ ایک حقیقت ہے اور اس پر جلد کام ہوتا دکھائی دیگا ۔

اس پل کی تکمیل سے ڈیرہ غازی خان سے ملتان کا 75کلومیٹر کا فاصلہ کم ہوکر صرف سات کلو میٹر رہ جائیگا۔شجاع آباد سے لودھراں سڑک کی کشادگی کا کام بھی جلد شروع ہو جائے گا۔ جس کی وزیر اعلیٰ شہازشریف نے اجازت دے دی ہے ۔ وزیر اعظم نے گزشتہ شب حادثہ میںجاں بحق ہونے والے پانچ مزدوروں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ تعمیراتی کمپنی بھی جاں بحق اور زخمی ہونے والے مزدورں کو معاوضہ دے گی جس کیلئے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں اور وفاقی حکومت کی طرف شہداء کے لواحقین کیلئے فی کس دس لاکھ روپے اور زخمیوںکے لیے فی کس پانچ لاکھ روپے امداد کا بھی اعلان کیا۔