کرکٹ میں کرپشن کا ایک اور اسکینڈل، سری لنکا میں وکٹ فکسنگ کی سازش پکڑی گئی، سری لنکا کا گر ئو انڈ اسٹاف ملوث

ہفتہ 26 مئی 2018 16:25

دوحہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 مئی2018ء) میچ فکسنگ، اسپاٹ فکسنگ اور فینسی فکسنگ کے بعد اب کرکٹ کے میدان سے کرپشن کی نئی قسم وکٹ فکسنگ منظر عام پر آگئی، وکٹ فکسنگ میں سری لنکا کا گر ئو انڈ اسٹاف ملوث پایا گیا ۔عرب ٹی وی نے خفیہ آپریشن کے ذریعے سری لنکا میں کرکٹ میچ فکسنگ کی نئی سازش بے نقاب کی ہے جس میں کوئی بین الاقوامی کھلاڑی نہیں بلکہ کرکٹ گرا ئو نڈ کا عملہ ملوث ہے۔

ٹی وی صحافی بزنس مین کے روپ میں گال اسٹیڈیم کے اسسٹنٹ مینیجرتھرانگا اندیکا اورسابق بھارتی فرسٹ کلاس کرکٹررابن مورس سے ملاقات کی اور ملاقات کے دوران ہونے والی ساری گفتگو کو خفیہ کیمروں کے ذریعے ریکارڈ کیا۔ ریکارڈ کردہ ویڈیو کی ابتدائی فوٹیج میں دکھایا گیا ہے کہ صحافی فکسنگ سے متعلق تھارنگا اندیکا سے اسی اسٹیڈیم میں 6 نومبرسے انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان شیڈول ٹیسٹ میچ کو فکس کرنے کی بات کرتا ہے اورپوچھتا ہے کہ کیا یہ میچ 5 کے بجائے 4 دن میں ختم ہوسکتا ہے، جس پر تھارنگا اندیکا نے جواب دیا، چاردن کیا، ڈھائی دن میں ہی ختم کردیں گے، پچ کو میچ سے 2 ہفتے قبل کھلا چھوڑدیں گے، پانی بھی نہیں لگائیں گے، ٹیسٹ میچ اس سے بھی جلد ختم کروادوں گا۔

(جاری ہے)

ملاقات کے دوران تھارنگا نے دعوی کیا کہ بھارت اورسری لنکا کے درمیان اسی میدان میں 2017 میں کھیلے گئے ٹیسٹ میں بھی وکٹ کوفکس کیا گیا تھا۔ اس ٹیسٹ میں بھارت نے 6 سوسے زائد رنز بنائے تھے۔دوسری جانب انگلش کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ فکسنگ سے متعلق رپورٹ سے آگاہ ہیں جب کہ آئی سی سی نے کہا ہے کہ رپورٹ کے مکمل طور پر منظر عام پر آنے کے بعد معاملے کی تحقیقات کی جائے گی۔