حکومت آبی وسائل پر بھارتی قبضہ کے خلاف مجرمانہ خاموشی ختم کرے ‘ ذکر اللہ مجاہد

ْ رمضان المبارک صبر و استقامت کے ساتھ اللہ رب العزت کی قربت حاصل کرنے کا بہترین مہینہ ہے

ہفتہ 26 مئی 2018 16:46

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مئی2018ء) امیر جماعت اسلامی و صدر متحدہ مجلس عمل لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ شہر لاہور میں روز بروز پانی کی کمی کا مسئلہ گھبیر صورت اختیار کرتا جا رہا ہے ، دریائے راوی کا پانی بند ہونے سے شہر لاہور کے زیر زمین پانی کا لیول روزبروز نیچے کی طرف جا رہا ہے جس سے پاکستانی عوام کی مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے جبکہ ازلی دشمن بھارت شملہ معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی کر رہا ہے اور اس نے تمام دریائوں پر ڈیموں کی تعمیر شروع کر رکھی ہے اور ہماری حکومت آبی وسائل پر اس قبضہ کے خلاف مجرمانہ خاموشی اختیار کیے ہوئے ہے جس کی ہم بھر پور مذمت کرتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روزیوسی 6شاہدرہ میں جماعت اسلامی کے زیر اہتمام افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر امیر زون جہانگیر احمد خان ، خطیب مسجدا حیاء اسلام مولانا شیر عباس سمیت معززین علاقہ شریک تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا ملک ستر فیصد زراعت پر انحصار کرتا ہے بھارت کی طرف سے دریائوں کا رخ تبدیل کرنے اور اپنی سرحدوں پر نئے ڈیموں کی تعمیر سے پاکستان کے اکثر علاقے بنجر ہونے کا خدشہ ہے اور اگر یہی صورتحال رہی تو آئندہ آنے والی نسلوں کیلئے سب سے بڑا مسئلہ پانی کی کمی ہو گا ۔

حکومت دریائے راوی کے ویسٹ واٹر کو قابل استعمال بنانے کیلئے اقدامات کرے اور یواین ڈی پی کی جانب سے مجوزہ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس کی تنصیب فوری طور پر شروع کرے تاکہ لاہور کے شہریوں کو قابل استعمال پانی وافر مقدار میں میسر آسکے اور شہری جو کہ پانی کی کمی کا شکار ہیں وہ اس پر یشانی اور مشکل سے نکل سکیں ۔ ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ ر مضان المبارک صبر و استقامت، روا داری اور برداشت کا درس دیتا ہے اور یہی روزے کا مقصود و مطلوب ہے اس لیے رمضان صبر استقامت کے ساتھ اللہ رب العزت کی قربت حاصل کرنے کا بہترین مہینہ ہے اس میں ہمیں چاہیے کہ زیادہ زیادہ اللہ تعالیٰ سے رجوع کریں اور اپنے گناہوں کی معافی کی طلب کیساتھ اللہ تعالیٰ سے آئندہ اپنی زندگیوں میںاللہ اور رسولؐ کی فرمابرداری اوراطاعت میں گذارنے کا عہد کریں تاکہ دنیا اور آخرت میں کامیابی حاصل کی جا سکے ۔