Live Updates

ملیر میں ممبر شپ کیمپ پر نامعلوم افراد نے حملہ کیا اور پی ٹی آئی کے بینرز پھاڑ ڈالے،فردوس شمیم نقوی

پی ٹی آئی کے رکنیت سازی کیمپ پر حملہ ایک انتہائی بزدلانہ کارروائی ہے جس کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں،خرم شیر زمان

ہفتہ 26 مئی 2018 16:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مئی2018ء) پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر فردوس شمیم نقوی اور پی ٹی آئی کراچی کے جنرل سیکریٹری و سندھ اسمبلی میں پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر خرم شیر زمان نے پارٹی سیکرٹریٹ ’’انصاف ہائوس‘‘ کراچی سے جاری کردہ اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ آر سی ڈی گرائونڈ ملیر میں ہونے والے تین روزہ ممبر شپ کیمپ پر نامعلوم افراد نے حملہ کیا اور پی ٹی آئی کے بینرز وغیرہ پھاڑ ڈالے۔

پی ٹی آئی کے کارکنان کو اسلحہ دکھا کر زدوکوب کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے رکنیت سازی کیمپ پر حملہ ایک انتہائی بزدلانہ کارروائی ہے جس کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں۔ پی ٹی آئی کے کارکنان پر امن رکنیت سازی مہم میں مصروف تھے اور لوگ جوق در جوق پی ٹی آئی میں شامل ہو رہے تھے۔

(جاری ہے)

اسی دوران یہاں موجود سندھ اور کراچی کے ٹھیکیداروں نے اسلحہ دکھایا اور ہمارے کارکنان سے کہا کہ آپ یہاں سے چلے جائیں اور یہاں آپ کا کوئی کام نہیں۔

لیکن میں تشدد کی سیاست کرنے والے تمام لوگوں کو بتا دینا چاہتا ہوں کہ ہم سیاست کرنے آئے ہیں اور سیاست کریں گے۔ کراچی میں بھتے اور غنڈہ گردی کی سیاست کے دن گنے جا چکے ہیں۔ ہم قانون کے مطابق اسلحہ دکھانے، ڈرانے دھمکانے اور بینرز پھاڑنے والوں کے خلاف ایف آئی آر درج کروائیں گے اور انہیں قانون کے کٹہرے میں لا کھڑا کریں گے۔ حکومت سے ہماری اپیل ہے کہ فوری طور پر غنڈہ گردی کرنے والے عناصر کے خلاف کارروائی کی جائے۔ تین روزہ رکنیت سازی کیمپ پچیس سے ستائیس مئی تک جاری رہے گا۔ بعد ازاں ستائیس مئی کو چیئرمین عمران خان بھی اسی جگہ کارکنان سے خصوصی خطاب کریں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات