پنجاب حکومت صوبہ بھر میں نیوٹریشن کلینکس قائم کرے گی

ہفتہ 26 مئی 2018 17:27

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مئی2018ء) عوام الناس کو غذائی افادیت بارے آگاہی کے لیے پنجاب بھر کے تمام اضلاع میں مرحلہ وار نیوٹریشن کلینکس قائم کیے جائیں گے ۔پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ذرائع نے قومی خبر ایجنسی کو بتایاکہ قومی نیوٹریشن سروے کے مطابق پنجاب میں50فی صد سے زائد افراد مختلف غذائی اجزاء کی کمی کا شکار ہیں۔جس کی وجہ سے مکمل ذہنی اور جسمانی نشونما نہیں ہوپاتی۔

پی ایف اے ذرائع نے اے پی پی کو بتایاکہ غذائی اجزاء کی کمی کی ایک بڑی وجہ غذائیت کے حوالے سے معلومات عامہ کا نہ ہونا ہے۔دوسری جانب قدرتی غذا کے مقابلے میں گمراہ کن اشتہارات کے ذریعے عوام کوناقص خوراک کی طرف مائل کیا جا رہا ہے جوکہ دیکھنے میں پرکشش اور کھانے میں ذائقہ دار تو ہو سکتی ہے تاھم انسانی جسم کو درکار غذائی اجزاء پر مشتمل نہیں ہوتی اور یوں ان ناقص اشیاء کے استعمال سے انسانی جسم مختلف غذائی اجزاء کی کمی کا شکار ہو کر بیماریوں کا گھر بن جاتے ہیں ۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے پنجاب فوڈ اتھارٹی نے عوامی فلاح کے لیے اہم قدم اٹھاتے ہوئے نیوٹر یشن کلینکس کے قیام کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے ۔سرکاری خبر رساں ادارے کو دستیاب معلومات کے مطابق پہلے مرحلے میں صوبائی دارالحکومت میں نیوٹریشن کلینک کا باقاعدہ قیام عمل میں لایا گیا ہے جبکہ دوسرے مرحلے میں تمام ڈویژنل ہیڈ کوراٹرز میں نیوٹریشن کلینکس قائم کیے جائیں گے اور آخری مرحلے میں پنجاب بھر میں ضلعی سطح پر نیوٹریشن کلینکس بنائے جائیں گے۔

ذرائع نے اے پی پی کو بتایاکہ پنجاب بھر میں نیوٹریشن کلینکس کا نیٹ ورک 14اگست 2018تک مکمل کر لیا جائے گا۔ نیوٹریشن کلینک میں چیک اپ کے لیے ٹیلی فون اور موبائل اپپ پرایڈوانس میں وقت لیا جا سکے گا۔ذرائع نے مزید بتایا کہ ۔عوام غذائی ماہرین سے کلینکس کے علاوہ ٹیلی فون پر بھی کھانے پینے کے متعلق مکمل راہنمائی حا صل کر سکیں گے۔واضح رہے کہ غذائی اجزاء کی اہمیت و افادیت سے متعلق آگہی کے لیے قائم نجی نیوٹریشن کلینک مہنگے ہونے کے باعث عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہیں تاھم پنجاب فوڈ اتھارٹی کے قائم کردہ نیوٹریشن کلینکس میں صرف 232روپے فیس میں مکمل مشورہ فراہم کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :