Live Updates

(ن) لیگ کو آئندہ الیکشن میں ہر حلقہ سے عبرتناک شکست کا سامنا کرنا پڑے گا ‘یاسمین راشد

ووٹ کے ذریعے درست فیصلہ نہ کیا گیا تو ہماری آنے والی نسلیں بھی حکمرانوں کی محتاج رہیں گی

ہفتہ 26 مئی 2018 17:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مئی2018ء) پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ (ن) لیگ کو آئندہ الیکشن میں ہر حلقہ سے عبرتناک شکست کا سامنا کرنا پڑے گا ، پانچ سال (ن) لیگ کا دور ناکام ترین دور ہے جس میں عوام کو ریلیف نام کی کوئی بھی چیز نہیں دی گئی ، کرپشن ، لوٹ مار ، لوڈ شیڈنگ ، صحت کی عدم سہولیتیں اس حکومت کا عوام کو تحفہ ہے ۔

انہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ پوری قوم عدلیہ کی پشت پر کھڑی ہے اوراسے دبائو میں لانے کیلئے اوچھے ہتھکنڈوں اور حربوں کیخلاف بھرپور مزاحمت کی جائے گی ،ریاستی ادارے کسی بھی معاشرے کی مضبوط بنیاد ہوتے ہیں لیکن بد قسمتی سے یہاں پر حکومت میںآنے والوں نے اپنے ذاتی مفادات کیلئے انہیں کھوکھلا کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کرپشن ہمارے ملک کا سب سے بڑا مسئلہ ہے اسی لئے تحریک انصاف عمران خان کی قیادت میں اس ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے مسلسل جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہے ۔

انہوںنے کہا کہ آج عوام کو دو وقت کی روٹی کے لالے پڑے ہوئے ہیں جبکہ حکمران جھوٹی ترقی کے دعوئوں کے ذریعے عوام کی آنکھوں میں دھول جھونک رہے ہیں ۔ آئندہ عام انتخابات ملک کی سمت کا تعین کرنے کا سنہری موقع ہے اور اگر اب بھی ووٹ کے ذریعے درست فیصلہ نہ کیا گیا تو ہماری آنے والی نسلیں بھی حکمرانوں کی محتاج رہیں گی اور انہیں تعلیم اور صحت سمیت زندگی کی بنیادی سہولیات کی فراہمی خواب ہی رہے گا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات