Live Updates

شعبہ سپورٹس اور خواتین کی تعلیم موجودہ حکومت کی پہلی ترجیح ہے، محمد عاطف خان

پر صوبائی حکومت اور خصوصا محکمہ تعلیم نے صوبہ بھر میں اربوں روپے کی لاگت سے بڑے بڑے منصوبے تکمیل تک پہنچائے ہیں ،بعض منصوبے اختتامی مراحل میں ہیں، وزیر تعلیم خیبرپختونخوا

ہفتہ 26 مئی 2018 17:38

مردان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مئی2018ء) صوبائی وزیر تعلیم محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ شعبہ سپورٹس اور خواتین کی تعلیم موجودہ حکومت کی پہلی ترجیح ہے جس پر صوبائی حکومت اور خصوصا محکمہ تعلیم نے صوبہ بھر اور خصوصا ضلع مردان میں اربوں روپے کی لاگت سے بڑے بڑے منصوبے تکمیل تک پہنچائے ہیں ۔ جبکہ بعض منصوبے اختتام کے آخری مراحل میں ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مردان سپورٹس کمپلیکس کے افتتاح کے موقع پر کیا ۔ 200کنال رقبے پر محیط سپورٹس کمپلیکس پر37کروڑ روپے کا کثیر رقم خرچ ہوا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر کو بتایا گیا۔ کہ مردان بورڈ کے اس سپورٹس کمپلیکس کا شمار ملک کے بڑے بڑے سپورٹس کمپلیکس میں ہوتاہے۔اور اس میں انڈور اور آوٹ دوڑ گیمز کے تمام تر جدید ترین سہولیات میسر ہیں ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر تعلیم و توانائی عطاف خان نے اس موقع پر کہا کہ مردان بورڈ سپورٹس کمپلیکس اور دیگر تعلیمی منصوبے تحریک انصاف کے حکومت کے تاریخ میں سنہرے الفاظ سے لکھے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سپورٹس کمپلیکس کے بارے میں مجھے مزید کچھ کہنا نہیں ہئے۔ بلکہ اس کی سہولیات اور جدید نظام کے بارے میں فیصلہ آج کے افتتاح کے بعد طلباء اور مردان کے عوام کریں گے۔

افتتاح کے بعد انہوں نے صحافیوں سے بھی بات چیت کی ۔جبکہ انہوں نے مزید کہا کہ اگر یہ منصوبہ کسی اور حکومت میں بنتا۔ تو اس پر اربوں روپے کے اخراجات ظاہر کی جاتی ۔ عاطف خان نے کہا کہ تعلیمی شعبے کی ترقی ہماری حکومت کی اولین ترجیح رہی ہے ۔فروغ تعلیم کے لیے جہاں سکولوں میں اساتذہ کی حاضری یقینی بنائی گئی وہاں سرکاری سکولوں میں ضروری سہولیات کی فراہمی پر بھی اربوں روپے خرچ کیے گئے اور مختلف امتحانات میں پوزیشن حاصل کرنے طلبہ وطالبات کی حوصلہ افزائی کے لیے ان کو لاکھوں روپے کے نقد انعامات دینے کا سلسلہ بھی شروع کیا گیا ہے ۔

وہ مردان تعلیمی بورڈ کے نو تعمیر شدہ سپورٹس کمپلکس میں میٹرک اور انٹر میڈیٹ کے سالانہ امتحان میں نمایا ں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ وطالبات میں میڈلز اور دیگر انعامات تقسیم کرنے کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔تقریب سے بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر شوکت حیات اور ڈائریکٹر ورکس انجنییر کامران تاج نے بھی خطاب کیا ۔اس موقع پر ارکان قومی اسمبلی مجاہد خان اور علی محمد خان ، ایم پی ایز افتخار علی مشوانی ، طفیل انجم ،ڈپٹی کمشنر محمد عثمان محسود،ارکان ضلع وتحصیل کونسل اور طلبہ ،طالبات اور والدین کی بڑی تعداد موجود تھی ۔

محمد عاطف خان نے کہا کہ ہماری حکومت نے جہاں امتحانی نظام میں اصلاحات کی وہاں سرکاری تعلیمی اداروںمیں سپورٹس کی سرگرمیوں کے فروغ پر بھی بھرپور توجہ دی اور مردان بورڈ کا یہ سپورٹس کمپلکس ہماری اس دلچسپی کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ قبل از یں صوبائی وزیر کو بتا یا گیا کہ سپورٹس کمپلکس جس کا شمار ملک کے بڑے سپورٹس کمپلکس میں ہوتا ہے پر 32 کروڑ روپے لاگت آئی ہے جس میں انڈور اور آؤٹ ڈور کھیلوں کی جدید ترین سہولیات میسر ہیں ۔

محمد عاطف خان نے نمایاں پوزیشن ہولڈر ز میں میڈل اور انعامات تقسیم کیے۔صوبائی وزیر نے بعد ازاں مردان میڈیکل کمپلکس کا دورہ کیا اور وہاں حال ہی میں کھولے گئے بینظیر چلڈرن ہسپتال کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا ۔ایم ایم سی کے بورڈ آف گورنرز کے چئیرمین داکٹر فضل ہادی اور دیگر انتظامی عہدیداروں ڈاکٹر طارق محمود، ڈاکٹر مختیار اور ڈاکٹر جاوید اقبال نے صوبائی وزیر کو ہسپتال میں بچوں کے علاج معالجے کی سہولیات کے بارے میں بریف کیا ۔

اُنہوںنے ہسپتال کے پیتھالوجی ڈیپارٹمنٹ اور او پی ڈی کا بھی دورہ کیا اور ہسپتال میں مریضوں کو دی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا ۔انہیں بتایا گیا کہ لیبارٹری میں کروڑوں روپے کی نئی مشینری کی تنصیب سے یہ ملک کے بڑے میڈیکل لیبارٹریوں کے ہم پلہ ہوگئی ہے اور یہاں ہرقسم کے ٹسٹس ہو سکتے ہیں جبکہ او پی ڈی میں بھی اب مریضوں کو مختلف سہولیات فراہم کی گئی ہیں ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات