بھارتی فورسز کے مظاہرین پر طاقت کے وحشیانہ استعمال کیخلاف سرینگر میں ہڑتال

ہفتہ 26 مئی 2018 17:38

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مئی2018ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی طرف سے سرینگر میں پر امن مظاہرین کے خلاف طاقت کے وحشیانہ استعمال اور جامع مسجد کی بے حرمتی کے خلاف ہفتے کے روز سرینگر کے ڈائون ٹائون علاقوں میں مکمل ہڑتال کی گئی۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق دکانیں اور کاروباری مراکز بند رہے جبکہ سڑکوں پر ٹریفک معطل تھی ۔

ہڑتال کی کال جامع مارکیٹ ٹیڈرز فیڈریشن نے دی تھی۔ دریں اثنا تاجروں نے بھارتی فورسز کی وحشیانہ کارروائی کے خلاف جامع مسجد کے باہر ایک احتجاجی مظاہرہ بھی کیا۔ حریت فورم کے چیئرمین میر واعظ عمر نے سرینگر کے ایس ایم ایچ ایس ہسپتال جا کر قابض فورسز کی کارروائی کے دوران زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کی۔ بھارتی فورسز نے جمعہ کے روز سرینگر کے علاقے نوہٹہ میں پر امن مظاہرین کے خلاف پیلٹ چھروں اور آنسو گیس کے گولوں کا بے دریغ استعمال کیا تھا جس کے نتیجے میںدرجنوں افراد زخمی ہو گئے تھے ۔

(جاری ہے)

پندرہ نوجوان آنکھوں میں پیلٹ لگنے سے زخمی ہو ئے تھے جن میں دو کی آنکھیں بری طرح سے متاثر ہوئی ہیں۔نوہٹہ ہی کے علاقے میں سرینگر کی تاریخی جامع مسجد واقع ہے ۔ بھارتی فورسز کی طرف چلائے جانے والے آنسو گیس کے کچھ گولے جامع مسجد کے احاطے میں بھی جا کے پھٹے تھے۔