منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیر اہتمام 30روزہ دروس عرفان القرآن جاری

ْ اسلام کی خاتون اول حضرت خدیجہؓ نے اپنے مال اور اولاد سے اسلام کی آبیاری فرمائی‘فرح ناز سیدہ خدیجہ ؓ آج کی ماں،بیٹی،بیوی اور بہن کیلئے مشعل راہ ہیں‘درس عرفان القرآن سے خطاب

ہفتہ 26 مئی 2018 18:18

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مئی2018ء) منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیر اہتمام لاہور سمیت ملک بھر میں رمضان المبارک کے ماہ مقدسہ میں 30روزہ دروس عرفان القرآن کا سلسلہ جاری ہے۔دروس عرفان القرآن میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد شریک ہو رہی ہے۔منہاج القرآن ویمن لیگ کی سکالرزمختلف موضوعات پر لیکچرز دے رہی ہیں۔ منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی صدر فرح ناز نے لاہور ماڈل ٹائون میں عظمت سیدہ خدیجة الکبریٰ ؓکے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حضرت خدیجہ ؓ حضوراقدس ﷺ کی پہلی زوجہ،سیدہ کائنات حضرت فاطمہ الزہراہ کی والدہ،حضرت امام حسن ؓ اور امام حسین ؓ کی نانی ہیں۔

آپ ؓ قریش خاندان کی معزز اور باوقار خاتون تھیں۔حسن سیرت،اعلی اخلاق ،بلند کردار،عزت و عصمت کی مالک،شرافت اور مرتبے کی وجہ سے مکہ المکرمہ اور گرد و نواح کے لوگوں میں ’’طاہرہ‘‘ کے خوبصورت اور پاکیزہ لقب سے مشور تھیں۔

(جاری ہے)

غریب پروری اور سخاوت حضرت خدیجہ ؓ کی امتیازی خصوصیات تھیں۔فرح ناز نے کہا کہ حضرت خدیجہ نے حضور ﷺ کی خدمت کر کے ایک اطاعت گزار بیوی ہونے کا ثبوت دیا۔

ہر وہ تکلیف جو نبی اکرم ﷺ کو دعوت اسلام میں پیش آتی حضرت خدیجہ ؓ پوری طرح اس میں آپ ﷺ کے شریک غم ہوتیں۔انہوں نے کہا کہ اسلام کی خاتون اول حضرت خدیجہؓ نے اپنے مال اور اولاد سے اسلام کی آبیاری فرمائی۔نبی اکرم ﷺ کی پہلی زوجہ ہونے کا اعزاز پا کر امیری کو خیر باد کہا اور حضور ﷺ کی سنگت کو اپنے لئے فخربنا یا۔محسن انسانیت ﷺ کی خاطر ہر مصیبت کو خندہ پیشانی سے برداشت کیا،ام المومنین حضرت خدیجہ ؓ کی موجودگی میں نبی اکرم ﷺ نے نکاح ثانی نہ فرما کر توقیر خدیجہ ؓ میں اضافہ فرمایا۔

نبی پاک ﷺ نے فرمایا جب لوگوں نے میرا انکار کیا تو خدیجہ ؓ نے میری تصدیق کی۔سیدہ فاطمة الزہراہ جس کی بیٹی ہو اسکی ماں سیدہ خدیجہ ؓ کی عظمت کا اندازہ کون لگا سکتا ہے۔آج ضرورت ہے کہ امہات المومنین کی عظمتوں کو اجاگر کیا جائے۔قوم کی بیٹیوں کو امہات المومنین کے دینی جذبوں سے روشناس کروانا اہم اور ضروری ہے۔سیدہ خدیجہ ؓ آج کی ماں،بیٹی،بیوی اور بہن کیلئے مشعل راہ ہیں۔آج کی عورت اگرحضرت خدیجہ ؓ کو اپنا آئیڈیل بنا لے تو ترقی و عظمت اس کے قدموں تلے ہو گی۔