عوام آئندہ عام انتخابات میں کارکردگی کی بنیادپروو ٹ دیں،گورنرپنجاب

ہفتہ مئی 18:19

عوام آئندہ عام انتخابات میں کارکردگی کی بنیادپروو ٹ دیں،گورنرپنجاب
ملتان+کوٹ مٹھن۔26 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 مئی2018ء) گورنرپنجاب ملک رفیق رجوانہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ آنے والے جنرل الیکشن میں کسی بھی سیاسی پارٹی کو اسی کی کارکردگی کومدنظررکھتے ہوئے ووٹ دیں ۔ وہ شجاعباد میں پہلے ایم 5ملتان ۔سکھر موٹروے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔انہوںنے مزیدکہاکہ عوام 2013ء اور2018ء کے پاکستان میں بہتر طورپرموازنہ کرسکتے ہیں کہ بہتری کس دورمیں وقوع پذیرہوئی ہے ۔

انہوںنے کہاکہ وزیراعظم شاہدخاقان عباسی روزانہ کی بنیاد پردوسے تین میگاپراجیکٹس کاافتتاح کررہے ہیں جوکہ نوازشریف کی سیاسی بصیرت اورسوچ کااعادہ کرتے ہیں ۔ انہوںنے چین کی حکومت کاشکریہ اداکرتے ہوئے کہاکہ وہ پاکستان کی ترقی میں اہم کرداراداکررہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے عوام کونصیحت کی وہ پاکستان کی ترقی کے لئے دن رات کام کریں ۔ دریں اثناء گورنرپنجاب نے کوٹ مٹھن میں بے نظیر شہید پُل کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ یہ منصوبہ 70سالہ محرومیوں کے ازالے کی ایک زندہ مثال ہے ۔

انہوںنے کہاکہ جنوبی پنجا ب صوبہ کانعرہ لگانے والے سیاستدانوںنے دراصل خودکو ایک سیاسی پارٹی کی جھولی میں ڈال دیا۔جس سے ان کااصل چہرہ نمایاں ہواہے ۔انہوںنے کہاکہ جنوبی پنجاب صوبہ ن لیگ کی حکومت ہی بنائے گی ۔انہوںنے کہاکہ ہم عوامی ریلیف کے اقدامات اورملکی ترقی وخوشحالی کے تاریخی اقدامات پرخوش ہیں ۔