عمران سیریز سے شہرت پانیوالے ناول نگار مظہر کلیم ایم اے وفات پا گئے، سپرد خاک کردیا گیا

ہفتہ مئی 19:35

عمران سیریز سے شہرت پانیوالے ناول نگار مظہر کلیم ایم اے وفات پا گئے، ..
ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 مئی2018ء) بچوں کے نامور ادیب اور عمران سیریز کے حوالے سے شہرت پانیوالے ناول نگار اور ماہر قانون مظہر کلیم ایم اے طویل علالت کے بعد ہفتے کے روز ملتان میں انتقال کرگئے جنہیں سپرد خاک کردیا گیا ہے۔مرحوم کی عمر 75برس تھی۔مظہر کلیم ایم اے 22جولائی 1942ء کو ملتان کے علاقے کڑی افغاناں میں پیدا ہوئے۔ان کا اصل نام مظہر نواز خان تھا تاہم وہ مظہر کلیم ایم اے کے نام سے دنیا بھر میں ملتان کی پہچان بنے۔

ابن صفی کے انتقال کے بعد مظہر کلیم نے ان کے کردار علی عمران کے نام سے معروف ہو نیوالی عمران سیریز کو آگے بڑھایا اور بچوں کیلئے سینکڑوں ناول تحریر کیے۔مظہر کلیم ماہر قانون بھی تھے اور وہ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ملتان کے سینئر نا ئب صدر بھی منتخب ہوئے۔

(جاری ہے)

تاہم انہوں نے وکالت کی بجائے قلم کو اپنی پہچان بنایا۔وہ ریڈیو پاکستان ملتان کے معروف پروگرام ’’جمہوردی آواز‘‘ کے میزبان کی حیثیت سے بھی شہرت رکھتے تھے۔

مظہر کلیم کی عمران سیریز ابن صفی کی کہانیوں سے مختلف بھی تھی اور انہوں نے بہت سے ایسے کردار متعارف کروائے جو بچوں میں اپنے منفرد ناموں کی وجہ سے بہت مقبول ہوئے۔خاص طورپر چلوسک ملوسک ،چھن چھنگلو،آنگلو بانگلوقابل ذکر ہیں۔انہوں نے لفظوں کے الٹ پھیر سے بھی بچوں کومتوجہ کیا اور کہانیوں میں اصلاحی نکتہ نظرکو بھی نمایاں رکھا۔ان کے ناولوں کی تعداد 600سے زیادہ بتائی جاتی ہے۔مظہر کلیم ایم اے کی نمازجنازہ ابدالی مسجد ملتان میں ادا کی گئی جس میں ادیبوں،شاعروں ،ماہرقانون سمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ان کو آبائی قبرستان میں سپردخاک کردیاگیا۔ان کے پسماندگان میں چا ربیٹیاں اور دوبیٹے شامل ہیں۔

متعلقہ عنوان :