لاہور پارکنگ کمپنی کرپشن کیس میں ملوث ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں 11روز کی توسیع

ہفتہ 26 مئی 2018 19:37

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مئی2018ء) احتساب عدالت نے لاہور پارکنگ کمپنی میں کروڑوں روپے کی کرپشن میں ملوث ملزمان تاثیراحمد اور عثمان قیوم کے جسمانی ریمانڈ میں 11 روز کی توسیع کر دی۔

(جاری ہے)

نیب کی جانب سے احتساب عدالت کو بتایا گیا کہ سیاسی بنیادوں پر بھرتیاں کی گئیں، نیب کے پراسیکیوٹر نے دلائل دیے کہ دیگر تین ملزمان جنرل منیجر فیضان ولی، منیجر اکائونٹس سعد رفیق اور فیصل رائو 8 کروڑ روپے کی پلی بارگین کرچکے ہیں اور ملزمان نے حکومتی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا لہٰذا ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی جائے۔

عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں 11روز کی توسیع کر دی اور ملزمان کو 6 جون کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ واضح رہے کہ ملزمان پر مالی بدعنوانی اور پیپرا رولز کی خلاف ورزی کے الزامات عائد ہیں۔ ملزمان میں چیف ایگزیکٹو آفیسر تاثیر احمد، چیف فائنینشل آفیسرعثمان قیوم شامل ہیں۔