حیدرآباد، سحرش نگرریلوے ٹریک کے قریب 2 دھماکے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا

دونوں دھماکے نان الیکٹرک ڈیوائس سے کئے گئے اور ایک ڈیوائس میں تقریبا 150گرام بارودی مواد استعمال کیا گیا،بم ڈسپوذل اسکواڈ

ہفتہ مئی 19:39

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 مئی2018ء) حیدرآباد میں ٹریلوے ٹریک کے قریب دو دھماکے ہوئے ہیں۔ جس کے بعد ٹرینوں کی آمد و رفت روک دی گئی۔تفصیلات کے مطابق حیدرآباد کے علاقے قاسم آباد میں سحرش نگر کے قریب ریلوے ٹریک پر دو دھماکے ہوئے ہیں۔ دھماکوں کے بعد پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری جائے وقوع پر پہنچ گئی۔بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کیا گیا جس نے سرچنگ کا کام مکمل ہونے کے بعد ریلوے ٹریک کو کلیئرقرار دے دیا جس کے بعد ریلوے ٹریفک بحال کردی گئی۔

(جاری ہے)

ڈی ایس پی قاسم آباد کے مطابق سحرش نگرریلوے ٹریک کے قریب 2 دھماکے ہوئے لیکن پٹریوں کوکسی قسم کا نقصان نہیں پہنچا۔ پولیس کے مطابق دھماکوں سے ٹریک پر معمولی گڑھے پڑگئے ہیں۔اسٹیشن سپرنٹنڈنٹ کے مطابق دھماکوں کے باعث فریدایکسپریس، پاکستان ایکسپریس اور بہا الدین زکریا ایکسپریس کوحیدر آباداسٹیشن پر ہی روک دیا گیا تھا۔۔ریلوے پولیس نے بتایا کہ ٹرینوں کی آمدورفت سوا گھنٹے معطل رہی لیکن اب اسے بحال کردیا گیا ہے۔ واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔بم ڈسپوذل اسکواڈ کے مطابق دونوں دھماکے نان الیکٹرک ڈیوائس سے کئے گئے اور ایک ڈیوائس میں تقریبا 150گرام بارودی مواد استعمال کیا گیا۔چند روز قبل بھی اسی مقام سے تین کلو گرام وزنی بم برآمد ہوا تھا۔