سندھ سمیت ملک کے دیگر حصوں میں پانی کا بحران کالاباغ ڈیم کے نہ ہونے سے ہے‘لاہور چیمبر

ہنگامی بنیادوں پر اقدامات نہ اٹھائے گئے ،کالاباغ ڈیم سمیت بڑے ڈیموں کی تعمیر شروع نہ کی گئی تو ملک صحرا بن جائے گا

ہفتہ 26 مئی 2018 19:39

سندھ سمیت ملک کے دیگر حصوں میں پانی کا بحران کالاباغ ڈیم کے نہ ہونے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مئی2018ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے سندھ اور ملک کے دیگر حصوں میں پانی کی شدید قلت کی وجہ کالاباغ ڈیم بنانے میں ناکامی کو قرار دیا ہے۔ لاہور چیمبر کے صدر ملک طاہر جاوید، سینئر نائب صدر خواجہ خاور رشید اور نائب صدر ذیشان خلیل نے کہا کہ بلاشبہ سندھ میں پانی دستیابی کی صورتحال تشویشناک ہے لیکن اس سب سے بڑی وجہ کالاباغ ڈیم کا نہ ہوناہے۔

انہوں نے کہا کہ منگلا اور تربیلا ڈیموں کی تعمیر سے پہلے سندھ کو 36.6ملین ایکڑ فٹ پانی سپلائی کیا جاتا تھا جوکہ ان ڈیموں کی تعمیر کے بعدبڑھ کر 40.3ملین ایکڑفٹ ہوگیا،کالا باغ ڈیم کے بننے سے سندھ کو مزید4ملین ایکڑ فٹ پانی میسر آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر اس خدشے کی نشاندہی کرتا آرہا ہے کہ پانی کا بحران پنجاب اور سندھ کے زرعی شعبے کو بٴْری طرح متاثر کرے گا ، چونکہ منگلا اور تربیلا ڈیم میں پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت میں واضح کمی ہوئی ہے لہذا کالاباغ ڈیم تعمیر کرنا ضروری ہے لیکن بدقسمتی سے اس منصوبے کی مخالفت کی جارہی ہے جو سندھ سمیت ملک بھر میں پانی کی قلت کو دور کرے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگر ہنگامی بنیادوں پر اقدامات نہ اٹھائے گئے اور کالاباغ ڈیم سمیت بڑے ڈیموں کی تعمیر شروع نہ کی گئی تو ملک صحرا بن جائے گاجبکہ توانائی کا بھی سنگین بحران پیدا ہوگا۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ کالاباغ ڈیم کی تعمیر فوری طور پر شروع کرے جس سے خشک سالی اور تباہ کن سیلاب دونوں کی روک تھام میں مدد ملے گی اور ان عناصر کی باتوں پر کان نہ دھرے جو کالاباغ ڈیم کے تو مخالف ہیں لیکن بھارت کی آبی جارحیت پر خاموش رہتے ہیں۔