ہڈیوں کی مسجد: نبی کریم کے دور کی منفرد یادگار

muhammad ali محمد علی ہفتہ 26 مئی 2018 19:22

ہڈیوں کی مسجد: نبی کریم کے دور کی منفرد یادگار
جدہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 26مئی 2018ء) : مدینہ منورہ سے 300 کلو میٹر دُور صوبہ ال اُلا میں واقع مسجد الاَزلام (ہڈیوں کی مسجد) انتہائی تاریخی اہمیت کی حامل ہے۔ روایت کے مطابق ایک غزوہ کو روانگی کے دوران نبی کریم کا گُزر اس مقام سے ہوا۔ مقامی لوگوں کو قبلہ کی صحیح سمت جاننے میں مشکلات کا سامنا تھا۔ اس موقع پر نبی کریم نے قبلہ کی نشاندہی کے واسطے ایک مخصوص مقام پر ہڈیاں رکھ دیں کیونکہ صحرا کے اس مقام پر ریت کا کوئی ٹیلہ یا چٹان موجود نہ تھی۔

اس واقعے کی یاد میں علاقے کے لوگوں نے ایک مسجد تعمیر کی۔پتھروں سے تعمیر شُدہ اس مسجد کی دیواروں کی لیپا پوتھی کے لیے چکنی مٹی استعمال میں لائی گئی۔ بعد کے ادوار میں وقتاً فوقتاً اس کی تعمیر نو ہوتی رہی۔

(جاری ہے)

عبداللہ کبیر جو مدینہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی سے بطور محقق وابستہ ہیں‘ اُنہوں نے سعودی پریس ایجنسی کو بتایا کہ اس مسجد کا ذکر دورِ جدید کے کئی مستند اور معتبر حوالوں میں بھی مِلتا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سعودی عرب کے موجودہ فرمانروا شاہ سلمان اس مسجد کی تعمیر نو پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔ کیونکہ وہ مملکت میں موجود اس نوعیت کی تمام تاریخی مساجد کی تزئین و آرائش اور مرمت میں خصوصی توجہ رکھتے ہیں۔ سعودی کمیشن برائے سیاحت و قومی ورثہ صوبہ ال اُلا میں سیاحتی سرگرمیوں میں اضافے کے کے لیے خاص منصوبہ بندی کر رہا ہے کیونکہ یہاں پر’ہڈیوں کی مسجد‘ کے علاوہ متعدد اسلامی تاریخی عمارات اور یادگاریں موجود ہیں۔

متعلقہ عنوان :