سمندری طوفان میکونو کے باعث امارات کے کچھ علاقوں میں بارش کا امکان

توقع کی جا رہی ہے کہ ہفتے کو اومان کے ساحلی علاقوں سے ٹکرانے کے بعد اس کی شدت میں کمی آ جائے گی

muhammad ali محمد علی ہفتہ 26 مئی 2018 19:25

سمندری طوفان میکونو کے باعث امارات کے کچھ علاقوں میں بارش کا امکان
دبئی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔ 26 مئی 2018ء) سمندری طوفان میکونو براہِ راست متحدہ عرب امارات پر اثر انداز نہیں ہو گا اور اُمید کی جا رہی ہے کہ اومان کے علاقوں سے گزرنے کے بعد اس کی شدت میں انتہائی کمی واقع ہو جائے گی۔ ابو ظہبی میں واقع محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر محمد ال ابری نے جمعہ کے روز ایک مقامی اخبار کو بتایا کہ جمعہ کے روز میکونو کی شدت درجہ دوم کی تھی اور مرکز میں اس کی طوفانی ہواؤں کی رفتار 167 کلومیٹر فی گھنٹہ تھی مگر بعد میں اس کی شدت میں کمی واقع ہونا شروع ہو گئی ہے۔

محمد ال اَبری کے مطابق ہفتہ کے روز بحیرہ عرب کے مشرقی پہاڑی علاقوں اور وسیع صحرا پر مشتمل تقریباً 200 کلومیٹر کے زمینی علاقہ سے گزرنے کے بعد طوفان اپنی تیز رفتاری کھو دے گا۔

(جاری ہے)

جس کے باعث متحدہ عرب پر اس کا براہِ راست اثر نہیں ہو گا۔ تاہم طوفانی ہواؤں کے زیر اثر مملکت کے کچھ علاقوں میں بارش ہو سکتی ہے۔ ال ابری کا مزید کہنا تھا کہ ہفتہ اور اتوار کو پہاڑی اور جنوبی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کا امکانہے۔26 مئی کو اومان کے صوبہ دھوفر کے علاقوں سے گزرنے کے بعد طوفانی ہواؤں کی رفتار167کلومیٹر فی گھنٹہ سے کم ہو کر 126 کلومیٹر سے 144کلو میٹر فی گھنٹہ پر سمٹ جائے گی۔ اس طرح اس طوفان کی شدت درجہ دوم سے گھٹ کر درجہ اول پر آ جائے گی۔