منشیات کی بڑھتی لعنت کے خلاف جہاد وقت کی اہم ترین ضرورت ہے، ایڈیشنل کمشنر فخر الاسلام

ہفتہ 26 مئی 2018 21:22

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 مئی2018ء) ایڈیشنل کمشنر فخرالاسلام ڈوگر نے کہا ہے کہ منشیات کی بڑھتی لعنت کے خلاف جہاد وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔کیونکہ نوجوانوں کے خوبصورت جسموں سے اس لعنت کی وجہ سے دن بدن جو دھواں اٹھ رہا ہے ۔وہ پوری قوم کے لئے لمحہ فکریہ ہے۔ جس کے لئے ہم سب کو منظم بنیادوں پر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو تفریح کے زیادہ سے زیادہ مواقع مہیا کرکے ہم انہیں اس مذموم لعنت سے بچاسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز یہاںجناح پبلک ہال میں انجمن نوجوانان، روشن پاکستان ویلفیئر سوسائٹی اور دی ریڈرزکے زیر اہتمام منشیات کی بڑھتی لعنت کے خلاف اصلاحی اسٹیج ڈرامہ میٹھا زہر کے موقع پر ناظرین سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ آفیسر پاپولیشن ساجدہ مشتاق، کرنل طارق پرویز، ماہر تعلیم ظفر اقبال، رانا عمرمہمانان گرامی تھے۔تقریب کے اختتام پر آرگنائزرعبدالجبار رضا انصاری کی جانب سے فنکاروں اور ورکرز میں تعریفی سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کئے گئے۔ڈرامہ کی ہدایات معروف رایئٹر ہدایتکار توقیر رضوی نے دی تھیں۔فنکاروں نے نشہ کے خلاف بہترین اداکاری کرکے حاضرین کے دل جیت لئے۔