سیشن کورٹ میں نواز شریف اور وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے خلاف اندراج مقدمے کی درخواست

تھانہ پرانی انار کلی پولیس نے رپورٹ جمع کروا دی پولیس نے واقع کو تھانے کی حدود سے باہر قرار دیکر مقدمہ درج کرنے سے انکار کردیاعدالت نے درخواست گزار کے وکیل سے مزید دلائل طلب کرلیے

ہفتہ 26 مئی 2018 21:22

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 مئی2018ء) سیشن کورٹ میں سابق وزیراعظم نواز شریف اور وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے خلاف اندراج مقدمے کی درخواست پر تھانہ پرانی انار کلی پولیس نے رپورٹ جمع کروا دی پولیس نے واقع کو تھانے کی حدود سے باہر قرار دیکر مقدمہ درج کرنے سے انکار کردیاعدالت نے درخواست گزار کے وکیل سے مزید دلائل طلب کرلیے۔

تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل سیشن جج سیف اللہ ہنجرا نے سرادر آفتاب احمد ورک ایڈووکیٹ کی درخواست پر سماعت کی۔درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ نواز شریف نے قومی سلامتی اداروں کے خلاف بیان دیا ہے۔نوازشریف کے خلاف بیان ملک سے غداری کے زمرے میں آتا ہے۔نوازشریف نے ملک دشمنوں کو خوش کرنے کے لیے قومی اداروں کے خلاف بیان دیا۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے قومی سلامتی اداروں کے خلاف بیان کی تردید نہیں کی بلکہ نوازشریف کی ترجمانی کی۔

تھانہ انارکلی پولیس نوازشریف کے خلاف مقدمہ درج نہیں کررہی۔درخواست گزار نے استدعا کی کہ عدالت نوازشریف کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کرنے کا حکم دے۔تھانہ پرانی انارکلی پولیس نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ واقعہ تھانے کی حدود میں نہیں پیش آیا۔جس پر عدالت نے درخواست گزار سے مزید دلائل طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت28 مئی تک ملتوی کردی۔