پاک فوج کیخلاف مہم ملک دشمن عالمی ایجنڈا ہے : علامہ ممتاز اعوان

عالم کفر نے جس مسلم ملک کو برباد کیا پہلے اسکی فوج کو نشانہ بنایا :ورلڈ پاسبان ختم نبوت

ہفتہ مئی 21:22

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 مئی2018ء) ورلڈ پاسبان ختم نبوت کے سربراہ علامہ محمد ممتاز اعوان نے لاہور مرکز تحفظ ختم نبوت میں علماء اور دینی و مذہبی راہنمائوں کے منعقدہ ماہانہ تربیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وطن کی محبت جزو ایمان ہے اور اسی طرح اسلامی جمہوریہ پاکستان کی بقاء و سلامتی ہم سب کی دینی،قومی ،ملی ذمہ داری ہے انہوں نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کے ملک دشمن بیان کی شدید الفاذ میں مذمت کی اور کہا کہ پاک فوج کیخلاف مہم ملک دشمن عالمی ایجنڈا ہے جو عالمی اسٹیبلشمنٹ کی سازش کا حصہ ہے انہوں نے کہا کہ عالم کفر اور یہود وہنود نے عراق ،لیبیا ،شام و افغانستان جیسے مسلم ممالک کو تباہ کرنے سے پہلے ان ممالک کی فوج کو نشانہ بنایا وطن عزیز پاکستان کی سلامتی کیخلاف دشمن قوتیں آج پھر اسی قسم کا ناپاک کھیل کھیلنے میں مصروف ہیں اور وہ آئے روز پاکستان کیخلاف سازشوں کے جال بنتے رہتے ہیں علامہ ممتاز اعوان نے کہا کہ پاکستان کی فوج دنیا کی ایک بہترین فوج ہے جس نے دہشتگردی کی عالمی سازش کے خاتمے اور وطن عزیز کو امن کا گہوارہ بنانے کیلئے جو ان گنت قربانیاں دیں و انتہائی ناقابل فراموش ہیں اسی وجہ سے 22کروڑ غیور پاکستانی عوام کے دل اپنی پاک فوج کیساتھ دھڑکتے ہیں اوروہ ملک دشمنوں کو منہ توڑ دندان شکن جواب دینے کیلئے اپنی بہادر و غیور پاک فوج کیساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔