شاہراہوں اور گلیوں میں غیر قانونی تعمیرات ،تجاوزات کی روک تھام کے لئے موثر اقدامات کئے جائیں ۔سید نیئر رضا

ہفتہ 26 مئی 2018 21:24

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مئی2018ء) چیئرمین بلدیہ کورنگی سیدنیئر رضا نے کہا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں کو نقصان پہنچا کر عوامی مسائل میں اضافے کا باعث بننے والوں کو ہر گز معاف نہیں کیا جائیگا، شاہراہوں اور گلیوں میں غیر قانونی تعمیرات ،تجاوزات کی روک تھام کے لئے موثر اقدامات کئے جائیں۔ ان خیالات کا اظہار سید نیئر رضا نے یونین کمیٹیز کے چیئرمین اور بلدیاتی افسران کے ہمراہ شاہ فیصل زون کا تفصیلی دورہ کرکے علاقائی سطح پر جاری ترقیاتی امور اور بلدیہ کورنگی کے تحت جاری بلدیاتی انتظامات کا معائنہ کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر موجود متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ جاری ترقیاتی امور کو بروقت مکمل کیا جائے اور علاقائی سطح پر عوام کو درپیش مسائل سے چھٹکارہ دلا نے کے لئے جاری انتظامات کو مزید تیز کیا جائے دورے کے موقع پر مختلف علاقوں میں عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے چیئر مین بلدیہ کورنگی سیدنیئر رضا نے کہاکہ بلدیہ کورنگی اپنے محدود وسائل کو بروئے کار لاکر لاتعداد اور طویل عرسے سے مسائل کے شکار علاقوں کو ترقی اور عوام کو سہولتوں کی فراہمی یقینی بنا نے کے لئے شب روز کوشاں ہے اس موقع پر سید نیئر رضا نے عوام سے اپیل کی کہ وہ علاقائی سطح پر صفائی وستھرائی کے انتظامات کو بہتر بنا نے کے لئے عملے سے تعاون کریں علاقائی ترقیاتی منصوبوں کی حفاظت کریں اور شاہراہوں اور گلیوں کو نقصان پہنچا نے والوں کا محاسبہ کریں تاکہ باہمی تعاون کے ذریعے علاقائی ترقی اور درپیش مسائل کا خاتمہ ہوسکے ۔