Live Updates

تحریک انصاف کے اعتماد میں اضافہ ،ابھی سے سیاسی فتوحات کا اعلان کرنا شروع کردیا

’پنجاب میں تحریک انصاف قومی اسمبلی کی 90 نشستوں پر کامیاب ہوگی‘رہنما تحریک انصاف شفقت محمود کا دعویٰ

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس ہفتہ 26 مئی 2018 20:05

تحریک انصاف کے اعتماد میں اضافہ ،ابھی سے سیاسی فتوحات کا اعلان کرنا ..
اسلام آباد (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار-26مئی 2018ء) :تحریک انصاف کے اعتماد میں اضافہ ،پی ٹی آئی نے ابھی سے سیاسی فتوحات کا اعلان کرنا شروع کردیا۔رہنما تحریک انصاف شفقت محمود نے دعویٰ کیا ہے کہ ’پنجاب میں تحریک انصاف قومی اسمبلی کی 90 نشستوں پر کامیاب ہوگی۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ ایک سال کے اندر اندر تحریک انصاف نے جس طرح سے پاکستانی سیاست میں قدم جمائے ہیں اور اپنی سیاسی ساکھ کو مضبوط کیا ہے اس کی پاکستان کی سیاسی تاریخ میں کم ہی مثال ملتی ہے۔

ایک جانب تحریک انصاف کی مضبوط ہوتی ہوئی سیاسی پوزیشن تو دوسری جانب اسکی حریف جماعتوں کی گرتی ہوئی ساکھ نے تحریک انصاف کو پاکستانی سیاست کی چوٹی کی جماعت بنا دیا ہے۔گزشتہ ایک سال میں پاکستان تحریک انصاف میں دیگر جماعتوں بالخصوص مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلز پارٹی کے بڑے بڑے ناموں نے شمولیت اختیار کی ہے جن میں رضا حیات، ندیم افضل چن،فردوس عاشق اعوان اور بڑے بڑے انتخابات جیتنے والے نام شامل ہیں۔

(جاری ہے)

پنجاب کے چوٹی کے سیاستدانوں کی پی ٹی آئی میں شمولیت اشارہ ہے کہ پنجاب مسلم لیگ ن کے ہاتھ سے نکل رہا ہے۔اب تک 100سے زائد الیکٹیبلز نے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔جن میں سے اکثر کا تعلق مسلم لیگ ن سے تھا۔ان کامیابیوں نے پاکستان تحریک انصاف کے اعتماد میں اتنا اضافہ کردیا ہے کہ پی ٹی آئی نے ابھی سے سیاسی فتوحات کا اعلان کنا شروع کردیا۔

ایک طرف 100دنوں کا پلان تیار کیا جارہا ہے تو دوسری جانب رہنماوں کو وزارتوں کی خوشخبریاں سنائی جا رہی ہیں۔تازہ ترین خبر کے مطابق رہنما تحریک انصاف شفقت محمود نے دعویٰ کیا ہے کہ ’پنجاب میں تحریک انصاف قومی اسمبلی کی 90 نشستوں پر کامیاب ہوگی۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ دوسری جماعتوں خاص طور پر مسلم لیگ (ن) کی خرابیوں کے باعث لوگ پی ٹی آئی میں شامل ہورہے ہیں اور تحریک انصاف اس پوزیشن میں ہے کہ وہ آئندہ انتخابات میں حکومت بنا لے گی۔

تحریک انصاف کے رہنما کا کہنا تھا کہ 2013 میں ان کی جماعت نے پنجاب میں قومی اسمبلی کی صرف 8 نشستیں جیتی تھیں لیکن اس وقت ان کی جماعت کی مقبولیت میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے اور آئندہ انتخابات میں تحریک انصاف پنجاب سے کم از کم قومی اسمبلی کی 90 نشستوں پر کامیاب ہوگی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات