سبزی وفروٹ منڈی کی مسلسل مانیٹرنگ اور کڑی نگرانی سے قیمتوں میں واضح کمی آرہی ہے،محمد اخترمنڈھیرا

ہفتہ 26 مئی 2018 21:31

ملتان۔26 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مئی2018ء) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرجنرل محمد اختر منڈھیرا نے کہا ہے کہ سبزی وفروٹ منڈی کی مسلسل مانیٹرنگ اور کڑی نگرانی سے قیمتوں میں واضح کمی آرہی ہے جس سے براہ راست عوام کو فائدہ پہنچ رہا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے علی الصبح سبزی وفروٹ منڈی خانیوال کے اچانک معائنہ کے دوران کیا ۔ اس موقع پرڈی ایس پی صدر سرکل چوہدری مقبول احمد جٹ ،سیکریٹری مارکیٹ کمیٹی محمد یوسف بٹ ، محمد شفیق سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے ۔

(جاری ہے)

معائنہ کے دوران انہوں نے سبزی منڈی میں خربوزہ ، خوبانی ، آم ، کھجور ،سیب، پیاز ، آلو ،ٹماٹر کے معیار اور اوزان کو بھی چیک کیا ،نیلامی کے پراسس کا تفصیلی جائزہ لیااور سبزیوں اور پھلوں کی نیلامی کے عمل کی خود نگرانی کی تاکہ عوام کو عام مارکیٹ میں بھی سستی اور معیاری سبزیوں اور پھلوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے ۔ اس موقع پر انہوں نے سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی کو ہدایت کی کہ سبزی منڈی میںناقص اور غیر معیاری اشیاء کو ہرگز نہ آنے دیا جائے تا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت کے مطابق عوام کو معیاری اور اچھی کوالٹی کی سبزیاں و فروٹ مہیا کیا جا سکے ۔

متعلقہ عنوان :