ڈپٹی کمشنر نے ضلع ایبٹ آباد میں تمام پلوں کے ارد گرد ریت، پتھر کی کھدائی، کان کنی اور بلاسٹنگ پر پابندی عائد کر دی

ہفتہ 26 مئی 2018 21:31

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مئی2018ء) ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد کیپٹن (ر) اورنگزیب حیدر نے ضلع ایبٹ آباد میں قراقرم ہائی وے اور مری روڈ پر واقع تمام پلو ں کے ارد گرد 500 میٹر کے علاقہ میں ریت پتھر کی کھدائی، کان کنی اور بلاسٹنگ پر پابندی عائد کر دی ہے۔ یہ پابندی ضابطہ فوجداری کی دفعہ 144 کے تحت لگائی گئی ہے۔

(جاری ہے)

اس بارے میں ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد کی جانب سے جاری کردہ حکم نا مہ میں کہا گیا ہے کہ بعض لیز ہولڈر بڑے پلوں کے نزدیک ریت، پتھر اور دیگر معدنیات نکالنے کیلئے کھدائی او بلاسٹنگ کی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں جس سے چھپر روڈ پل ہری پور کے مہندم ہونے جیسا کوئی خطرناک حادثہ رونما ہو سکتا ہے، اس لئے ضروری ہے کہ شاہراہ قراقرم اور مری روڈ پر واقع پلوں کے نزدیک کھدائی وغیرہ کی روک تھام کی جائے چنانچہ ان پلوں کے ارد گرد پانچ سو گز کے علاقہ میں ریت، پتھر نکالنے، کھدائی کرنے اور بلاسٹنگ پر تاحکم ثانی پابندی رہے گی اور اس حکم کی خلاف ورزی کرنے والے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :