ایم ایم اے ہری پور کی سپریم کونسل کا اجلاس، آمدہ الیکشن کے سلسلہ میں امیدواروں کی حتمی نامزدگی سے متعلق مشاورت

ہفتہ 26 مئی 2018 21:31

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مئی2018ء) متحدہ مجلس عمل ضلع ہری پور کی سپریم کونسل کا پہلا باضابطہ اجلاس صدر ایم ایم اے حافظ محمد ریحان کی رہائش گاہ پر منعقد ہوا۔ اجلاس میں ذیلی تنظیموں کے قیام، مالیاتی نظام، شعبہ نشرواشاعت کی فعالی اور آمدہ الیکشن کے سلسلہ میں امیدواروں کی حتمی نامزدگی کے متعلق مشاورت کی گئی۔ اجلاس کے اختتام پر شرکاء اجلاس، جمیعت علماء اسلام کی ضلعی مجلس عاملہ کے اراکین اور صحافی برادری کے نمائندوں کے اعزاز میں صدر ایم ایم اے حافظ محمد ریحان کی جانب سے افطار پارٹی دی گئی۔

اجلاس میں پانچوں اتحادی جماعتوں جے یو آئی، جماعت اسلامی، مرکزی جمیعت اہلحدیث، جے یو پی اور اسلامی تحریک کے ایم ایم اے کی سپریم کونسل میں شامل تمام قائدین نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس کے شروع میں جنرل سیکرٹری متحدہ مجلس عمل ضلع ہری پور محمد ریاض مسلم نے اجلاس کا ایجنڈا پیش کیا جس کے بعد صدر حافظ محمد ریحان نے ایم ایم اے کے پہلے باضابطہ اجلاس میں شرکاء کو اپنی رہائش گاہ پر خوش آمدید کرتے ہوئے تمام اتحادی جماعتوں کا شکریہ ادا کیا کہ ہری پور کی مذہبی قوتوں نے مجھ نا چیز پر اعتماد کرتے ہوئے ایم ایم اے کا ضلعی صدر منتخب کیا اور اس امر کا اعادہ کیا کہ میں ہر قسم کی گروہی مسلکی اور جماعتی وابستگی سے بالا ہوکر متحدہ مجلس عمل کی بہتری کیلئے کام کروں گا، امید ہے کہ تمام سپریم کونسل کے 20 ارکان اور مجلس عاملہ اسی جذبہ اور نیک نیتی سے ان کے معاون ہوں گے۔

مشاورت کے بعد بالااتفاق پانچ رکنی تنظیمی کمیٹی بنائی گئی جس کو 30 مئی تک تحصیل یا حلقہ وار تینوں تنظیمیں مکمل کرنی ہوں گی تاکہ تحصیل تنظیموں کے بعد اگلے چند روز میں یونین کونسل سطح پر تنظیمیں مکمل کی جائیں، مالیات کا نظام طے کرنے کے بعد اطلاعات و نشرواشاعت کی کمیٹی قائم کی گئی جس میں جے یو پی کے مولا اظہر ہزاروی اور جے یو آئی کے مولانا یعقوب کو ایم ایم اے ضلع ہری پور کا ترجمان مقرر کیا گیا اور اسلامی تحریک کے علی عباس جعفری، جے یو آئی کے شاہ فہد ہاشمی کی سربراہی میں پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا سے رابطہ ٹیم اور سوشل میڈیا ٹیم ترتیب دی گئی۔

آمدہ الیکشن اور امیدواروں پر طویل مشاورت کے نتیجہ میں حلقہ وار تنظیموں کی تکمیل کے بعد ہی امیدواروں کے حتمی اعلان کا فیصلہ کیا گیا۔