فاٹا کا خیبر پختونخوا میں انضمام عوامی نیشنل پارٹی کا 70 سالہ پرانا خواب تھا، ارم فاطمہ/شوکت رحمن مشوانی

ہفتہ 26 مئی 2018 21:37

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مئی2018ء) فاٹا کا خیبر پختونخوا میں انضمام عوامی نیشنل پارٹی کا 70 سالہ پرانا خواب تھا، آج اس طویل جدوجہد کے نتیجہ میں عوامی نیشنل پارٹی کو شاندار فتح نصیب ہوئی، پہلی بار فاٹا کو قومی دھارے میں لانے کیلئے عوامی نیشنل پارٹی کے کارکنوں نے ریلیاں نکالیں، اسلام آباد میں دھرنے دیئے اور قائدین نے فاٹا انضمام کے حوالہ سے آل پارٹیز کانفرنس بلائی، دھرنوں اور ریلیوں میں جہاں فاٹا کے یوتھ نے کردار ادا کیا وہیں پر عوامی نیشنل پارٹی کی خواتین نے بھرپور حصہ ڈالا، تمام سیاسی قائدین نے آج فاٹا کو خیبر پختونخوا میں ضم کر کے باچا خان کے خوابوں کو عملی شکل دیدی ہے جس پر اے این پی کے مرکزی رہنما اسفند یار ولی خان سمیت تمام اراکین اسمبلی خراج تحسین و مبارکبادکے مستحق ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار عوامی نیشنل پارٹی کی صوبائی نائب صدر ارم فاطمہ اور ضلعی صدر شوکت رحمان مشوانی نے میڈیا کے نمائندوں کو مشترکہ بیان جاری کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا فاٹا بل کا آئینی ترمیم کے ساتھ پارلیمنٹ سے منظور ہونا عوامی نیشنل پارٹی کی ستر سالہ جد وجہد کا نتیجہ ہے، ہمارے قائدین کے موقف کی تائید ہے، مذکورہ آئینی ترمیم کے بعد فاٹا کے بھائیوں کو پہلی بار پورے ملک کی طرح انتخابی عمل میں شرکت کے برابری کی سطح پر مواقع میسر آئیں گے، سب سے بڑی خوشی اس بات پر ہو رہی ہے کہ قبائلی بھائیوں کی ایف سی آر جیسے قانون سے جان خلاصی ہوئی ہے، اب جا کر انہیں آزادی کی سانسیں نصیب ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی کے قائدین نے پہلے پختون قوم کو شناخت دی اور اب فاٹا کو صوبہ میں ضم کرنے کا خواب بھی پورا کر دیا، عوامی نیشنل پارٹی کے کارکنان ہمیشہ باچا خان کے عدم تشدد کے فلسفہ پر کاربند رہے ہیں اور امن کی خاطر سب سے زیادہ قربانیاں بھی عوامی نیشنل پارٹی کے قائدین اور ورکرز نے دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم قومی اسمبلی کے تمام ممبران کے انتہائی مشکور و ممنون ہیں جن کی تائید و حمایت سے فاٹا کا خیبر پختونخوا میں انضمام ممکن ہوا اور فاٹا کے انضمام میں تاریخ ساز جدوجہد پر عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفند یار ولی خان سمیت تمام مرکزی، صوبائی اور قبائلی رہنمائوں کو مبارکباد اور خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور ان تمام پختون رہنمائوں اور شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جن کی قربانیوں کی بدولت آج فاٹا خیبر پختونخوا کا حصہ بن گیا بیشک فاٹا کا انضمام عوامی نیشنل پارٹی کی شاندار فتح ہے۔