دینی جماعتوں کا اتحاد دراصل نظریہ پاکستان کی تجدید ہے ،حافظ نعیم الرحمن

مجلس عمل اسلامی جمہوریہ پاکستان کی اساس کی محافظ ہے ،لادین وسیکولرقوتوں کے لیے لوہے کے چنے ثابت ہوگی ،امیر کراچی

ہفتہ مئی 21:54

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 مئی2018ء) جماعت اسلامی کراچی و صدر متحدہ مجلس عمل کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ دینی جماعتوں کا اتحاد دراصل نظریہ پاکستان کی تجدید ہے ،مجلس عمل اسلامی جمہوریہ پاکستان کی اساس کی محافظ ہے ،لادین وسیکولرقوتوں کے لیے لوہے کے چنے ثابت ہوگی ،ایم ایم اے منتخب ہوکر ملک کواسلام کا مضبوط قلعہ بنائے گی ،کرپٹ حکمرانوں سے لوٹی ہوئی رقم کو واپس قومی خزانے کا حصہ بنائیں گے ،متحدہ مجلس عمل امت مسلمہ کی پشتیبان ہے جودنیا بھرمیں مسلمانوں پرہونے والے ظلم کے خلاف ہرفورم پرآواز بلند کرے گی، قربانی وایثار کی داستانیں رقم کرنے والے مجاہدین کشمیروفلسطین میں علم جہاد اٹھائے انقلاب کی نوید دے رہے ہیں، مجبوراوربے کس افرادکی دادرسی کے لیے اپنے صدقات وعطیات الخدمت کودیے جائیں ۔

(جاری ہے)

ظلم وناانصافی کے خاتمے اورعدل کے نظام کے قیام تک جدوجہد جاری رہے گی ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے جوہر پارک رفاہ عام سوسائٹی یوسی 13میں دعوت افطار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر نائب امیرضلع چوہدری محمد اشرف ،امیرشاہ فیصل زون محمد فرحان ،قیم زون عتیق احمد ودیگر نے بھی خطاب کیا ۔ حافظ نعیم الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ آئندہ انتخابات کے لیے عوامی چارٹر متعارف کروائیں گے،،کراچی کے شہریوں کوتمام ترخوف ،لوٹ مار،،قتل وغارت گری ،بوری بندلاشوں ،،ٹارگٹ کلنگ ،بھتہ خوری اور خونی ہڑتالوں سے نجات دلائیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ ماہ رمضان توبہ واستغفار کا ماہ مقدس ہے ،ہمیں اپنی تمام ترکمزوریوں ،کوتاہیوں ،لغزشوں اورگناہوں کی معافی مانگتے ہوئے رب تعالی کی رضا وخوشنودی کے خواستگار ہونا چاہیئے ۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان ایک نظریاتی ریاست ہے ،اس کے اصولوں اورضابطوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہونے دیں گے ۔ امریکا ،،اسرائیل ،،بھارت اوراس کے حواری شکست وریخت سے دوچارہوں گے ۔انہوں نے کہا کہ مختلف شعبہ جات اور مدات میں الخدمت فائونڈیشن اپنی فلاحی سرگرمیوں میں مصروف عمل ہے ۔