ملکی بقاء وسلامتی کیخلاف سا زشوں کا مقابلہ باہمی اتحاد سے کیاجائے، مفتی حماداللہ مدنی

ہم تعلیمات ربانی اور سنت نبوی ﷺ پر عمل پیرا ہو کر سچے مسلمان اور محب وطن پاکستانی بنیں، ناظم جے یوآئی (س)

ہفتہ 26 مئی 2018 21:58

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مئی2018ء) جمعیت علماء اسلام(س) سندھ کے ناظم مفتی محمدحماداللہ مدنی نے کہاہے کہ نفسانفسی کے بجائے اجتماعی سوچ کو پروان چڑھانے کی ضرورت ہے، آج ملکی حالات بالخصوص سندھ و کراچی کی فضا اس بات کی متقاضی ہے کہ ہم بحیثیت پاکستانی قوم اپنے ہر طرح کے چھوٹے بڑے اختلافا ت کو فراموش کر کے ملک وقوم کے استحکام کیلئے کام کریں جبکہ ماہ رمضان کا پیغام اور درس بھی یہی ہے کہ ہم تعلیمات ربانی اور سنت نبوی ﷺ پر عمل پیرا ہو کر پکے مومن و مسلمان اور سچے محب وطن پاکستانی بنیں، انہوں نے کہا کہ ملک کی بقاء وسلامتی کیخلاف اندرونی و بیرونی سا زشوں کا مقابلہ باہمی اتحاد ہی سے ممکن ہے۔

انہوں نے کہاکہ علماء انبیاء کے وارث ہیں اس فریضے کو انجام دینے کے لئے تمام وسائل اور کاوشیں بروئے کارلاتے رہیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ دشمنان دین ملک میں سازشوں کے ذریعے عدم استحکام لاناچاہتے ہیں جن کا مقصد ملک کو مزید ٹکڑوں میں تقسیم کرناہے، لیکن ہم اسلام اور ملک دشمنوں کو ان کی سازشوں میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے اور ملک وملت کے تحفظ کے لئے اپنی جانوں کو بھی قربان کردیں گے۔

مفتی حماداللہ مدنی نے مزیدکہاکہ موجودہ صورتحال میں محب وطن دینی قوتوں کا اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے ملک پر مسلط حکمران طبقے نے عوام کو مہنگائی ،بیروزگاری اور لاقانونیت کے سوا کچھ نہیں دیا،ملک پر مسلط طبقہ ملک اور قوم کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہے ،ان حالات میں مولانا سمیع الحق جیسی بے باک اور بے لوث قیادت ہی ملک کوبحرانوں سے نکال سکتی ہے،مولاناسمیع الحق کی سربراہی میں ملک کی محب وطن سیاسی جماعتیں متحدہوجائیں،اسلامی جماعتوں کااتحاد قوم کی تقدیر بدل دے گا۔

مفتی حماداللہ مدنی نے کہاکہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ ملک اور قوم کودرپیش مسائل کی اصل وجہ امریکی غلامی ہے اور امریکی غلامی سے نجات کاواحد راستہ باکردار قیادت کو ایوان اقتدار میں پہنچاناہے ۔انہوں نے کہاکہ کہ عوام میں شعور اور بیداری کی لہر خوش آئند ہے اور اس کے دور رس نتائج مرتب ہونگے۔ انہوں نے کہاکہ انقلاب اور دھرنوں کی سیاست سے عوام بیزارآچکے ہیں بہترہوگاغیرملکی ایجنٹ واپس اپنے آقائوں کے پاس چلے جائیں۔

یہ باتیں انہوں نے گلشن اقبال میں علماء کرام کے وفد سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہیں۔مفتی حماداللہ مدنی سے بات چیت کرتے ہوئے وفد کے اراکین نے جمعیت علماء اسلام کے قائد مولانا سمیع الحق کی قیادت پر اعتماد کا اظہارکرتے ہوئے کہاکہ مولاناسمیع الحق ہی ملک کی موجودہ صورتحال قوم کے نجات دہندہ کی حیثیت رکھتے ہیں ،انہوں نے کہاکہ قوم اگر موجودہ درپیش مسائل سے چھٹکارہ حاصل کرناچاہتی ہے تو صالح اور باکردار قیادت کو منتخب کرکے ملک کی باگ ڈور اس کے حوالے کرے کیونکہ جب تک ملک کے اقتدار پر امریکہ سے آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرنے والی قیادت براجمان نہیں ہوگی یہ وطن امریکہ کی غلامی میں ہی رہے گا اور آقا کبھی اپنے غلام کو خوشحال نہیں دیکھ سکتا ۔