بابائے چھچھ خانزادہ تاج محمد خان کے خوابوں کی تکمیل اور خدمت کیلئے سیاسی میدان میں نکلا ہوں ،احمد خانزادہ

ہفتہ مئی 22:07

اٹک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 مئی2018ء) پیپلز پارٹی کے نامزد امیدوار صوبائی اسمبلی حلقہ پی پی 2 احمد خانزادہ نے کہا ہے کہ بابائے چھچھ خانزادہ تاج محمد خان کے خوابوں کی تکمیل اور خدمت کیلئے سیاسی میدان میں نکلا ہوں ، عوام مجھے کامیاب بنائیں وعدہ کرتا ہوں حضرو کو سب سے مثالی تحصیل اور اٹک کو پورے پنجاب میں سب سے بہترین ضلع بناؤں گا ، عید کے بعد بلاول بھٹو زرداری چھچھ میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے جس میں اپنے دس نکاتی ایجنڈے کا اعلان کروں گا اور بتاؤں گا کہ چھچھ کو کس طرح مسائل سے نکال کر ترقی یافتہ بنانا ہے پارٹی عہدیداران اورورکرز گاؤں گاؤں میں میری کامیابی کیلئے کردار ادا کریں تاکہ تحصیل حضرو کے عوام کی محرومیوں ، کرپشن ، دھونس دھاندلی اور اقرباء پروری کا خاتمہ ہو سکے ان خیالات کا اظہار انہوں نے شادی خان میں اپنے ڈیرہ پر پی پی پی کے عہدیداران ، سپورٹرز اور کارکنان کے اعزاز میں دیئے گئے بڑے افطار ڈنر سے خطاب کے دوران کیا اس موقع پر نصیر جدون نے اعلان کیا کہ حضرو کے سیاسی کارکن ساجد میر فوجی نے احمد تاج خانزادہ کی حمایت کا اعلان کیا ہے جس پر انہوں نے احمد خانزادہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا ، بلال خانزادہ ، صدر پی پی پی ضلع صوابی و امیدوار قومی اسمبلی نعیم خان ، صدر پی پی پی ضلع اٹک اشعر خان ، نائب صدر نصیر جدون ، تحصیل صدر ملک اقبال ، جنت گل ، لالہ الیاس خان خگوانی ، ابراہیم خان بہبودی ، شفقت محمود جتیال اور چھچھ کے ہر گاؤں سے نمائندہ افراد موجود اس موقع پر موجود تھے ، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اشعر حیات خان نے کہا کہ چھچھ میں جب بھی خدمت اور عظمت کی سیاست کا ذکر آتا ہے بابائے چھچھ خانزادہ تاج محمد خان کا نام سب سے پہلے آتا ہے ، آج ان کے پوتے احمد تاج خانزادہ اور بلال خانزادہ عملی طور پر سیاسی میدان میں عوام کے حقوق اور خدمت کیلئے نکلے ہیں اس لئے پی پی 2 کے عوام ان کو کامیاب بنائیں کہ ان کی کامیابی غریب اور متوسط طبقے کی کامیابی ہے ، انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے کو چیئرمین بلاول بھٹو عید کے بعد چھچھ آئیں گے تو ان کا تاریخی استقبال کریں گے ۔