اینٹی وہیکلز لفٹنگ سٹاف ماڈل ٹائون نے موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں ملوث3ملزمان کو گرفتار کر لیا

ملزمان کے قبضے سے لاکھوں روپے مالیت کی چوری کی گئی12موٹر سائیکلیں اورناجائز اسلحہ برآمد ،درجنوں مزید وارداتوں کا اعتراف

ہفتہ مئی 22:07

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 مئی2018ء) اینٹی وہیکلز لفٹنگ سٹاف ماڈل ٹائون نے موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں ملوث بھٹی موٹر سائیکل چور گینگ کے سرغنہ کو2ساتھیوں سمیت گرفتار کر کے انکے قبضے سے لاکھوں روپے مالیت کی چوری شدہ12موٹر سائیکلیں اور ناجائز اسلحہ برآمد کرلیا ہے۔تفصیلات کے مطابق سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر) محمد امین وینس نے کار وموٹر سائیکل چو ری کے نیٹ ورکس کو توڑنے اور انہیں قانون کی گرفت میں لانے کیلئے اینٹی وہیکلز لفٹنگ سٹاف کو خصوصی ہدایات جاری کیں ۔

جس پر ایس پی AVLS عاطف حیات نے اینٹی وہیکل لفٹنگ سٹاف کی مختلف پولیس ٹیمیں تشکیل دے کرانہیں ان وارداتوں میں ملوث ملزموں کی فوری گرفتاری کا حکم دیا۔ ڈی ایس پی اینٹی وہیکلز لفٹنگ سٹاف ماڈلٹائون سلیم مختار بٹ کی سر براہی میں اینٹی موٹر سائیکل لفٹنگ سٹاف انسپکٹر محمد سعید، اسسٹنٹ سب انسپکٹر بشارت علی، اللہ دتہ اور دیگر اہلکاروں پر مشتمل پولیس ٹیم نے شب وروز کی محنت اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں ملوث بھٹی موٹر سائیکل چور گینگ کے سرغنہ عظیم عرف بھٹی اور اس کی2 ساتھیوں محمد عمران اور جاوید کو گرفتار کرکے انکے قبضہ سے لاکھوں روپے مالیت کی چوری کی گئی12موٹر سائیکلیں، ماسٹر کیز اور ناجائز اسلحہ برآمد کیاہے ۔

(جاری ہے)

ملزمان اپنے طریقہ واردات میں مارکیٹوں، پارکنگ اسٹینڈز اور پلازوں کے باہر کھڑی موٹر سائیکلوں کو ماسٹر کیِ کے ذریعے کھول کر فرار ہو جاتے تھے ۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ ملزمان ریکارڈ یافتہ ہیں اور اس سے قبل بھی موٹر سائیکل چوری کے مقدمات میں متعدد بار جیل جا چکے ہیں۔ دوران تفتیش ملزموں نے شہر کے مختلف علاقوں میں موٹرسائیکل چوری کی درجنوں مزید وارداتوں کا اعتراف کیا ہے۔ ایس ایس پی انویسٹی گیشن غلام مبشر میکن نے موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں ملوث ملزموں کی گرفتاری پر پولیس ٹیم کے لیے سر ٹیفکیٹس کا اعلان کیا ہے۔