آئی جی سندھ کا وزیرداخلہ سندھ سہیل انور سیال کے اعزاز میں افطار ڈنر کا اہتمام

پولیس مقابلے میں شہید ہونیوالے ہیڈکانسٹیبل ہدایت اللہ نیازی کی بیوہ کو ایک کروڑ روپے کی امدادی رقم پر مشتمل چیک دیا

ہفتہ 26 مئی 2018 22:13

آئی جی سندھ کا وزیرداخلہ سندھ سہیل انور سیال کے اعزاز میں افطار ڈنر ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مئی2018ء) آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے گذشتہ روز وزیرداخلہ سندھ سہیل انور سیال کے اعزاز میں افطار ڈنر کا اہتمام کیا۔ایڈیشنل آئی جی سندھ ایڈیشنل آئی جی کراچی، ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ،ایڈیشنل آئی جی کرائم، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی، زونل ڈی آئی جیز کراچی، لاڑکانہ میر پور خاص کے ڈی آئی جیز،جوائنٹ ڈائریکٹر آئی بی،ڈائریکٹرایف آئی اے کراچی،اے آئی جی ویلفیئر سندھ،اے آئی جی آپریشنز سندھ کے علاوہ سی پی ایل سی چیف نے بھی تقریب میں شرکت کی۔

اس موقع پر وزیرداخلہ سندھ اور آئی جی سندھ نے مورخہ 21،اپریل2018 کو کلفٹن میں پولیس مقابلے کے دوران شہید ہونیوالے ہیڈکانسٹیبل ہدایت اللہ نیازی کی بیوہ کو ایک کروڑ روپئے کی امدادی رقم پر مشتمل چیک دیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر آئی جی سندھ نے کہا کہ ایک کروڑ روپئے کی امداد کا چیک سندھ پولیس کی تاریخ کا پہلا چیک ہے جو کہ اعلان کے بعد ایک ماہ میں ہی شہید کی بیوہ کو جاری کیا جارہا ہے ۔

انہوں نے مذید کہا کہ ایسا پولیس ویلفیئر برانچ سی پی او کی تاریخ میں بھی پہلی بار ہوا ہے کہ شہید کے ورثاء کے لیئے امدادی رقم کے اجراء کے حوالے سے تمام تر ضروری قانونی امور کی تکمیل انتہائی تیزی کے ساتھ ہوئی۔ بلاشبہ اس کا تمام تر کریڈٹ اے آئی جی ویلفیئر سندھ کو جاتا ہے کہ جنہوں نے اپنی انتہائی دلچسپی اور سنجیدہ کاوشوں سے اس عمل کو ممکن بنایا۔

آئی جی سندھ نے اس موقع پر کہا کہ شہید پولیس افسران اور جوانوں کے ورثاء کے لیئے امدادی رقم پچاس لاکھ سے بڑھاکر ایک کروڑ روپئے کرنے اور اس حوالے سے جملہ امور کو اپنی ذاتی دلچسپی اور کاوشوں سے یقینی بنانے کے لیئے میں وزیرداخلہ سندھ اور حکومت سندھ کا شکر گذار ہوں۔انہوں نے کہا کہ پولیس کی فلاح وبہبود جیسے اقدامات میں حکومت سندھ نے ہمیشہ محکمہ پولیس کا ساتھ دیا ہے اور اس ضمن میں وزیرداخلہ سندھ کے تعاون اور کاوشیں بھی لائق ستائش اور تحسین ہیں۔