لاہور،2 پولیس اہلکاروں کا شہری کو اہلخانہ سمیت اغوا کرکی10 لاکھ بھتے کا مطالبہ

انکوائری میں نام سامنے آنے پر اے ایس آئی امتیاز اور کانسٹیبل مشتاق نے تحریری معافی مانگ لی

ہفتہ 26 مئی 2018 22:24

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 مئی2018ء) لاہور میں تھانہ غالب مارکیٹ کے دو اہلکاروں نے ایک شہری کو اہلخانہ سمیت مبینہ طور پر پولیس وین میں اغوا کیا اور 10 لاکھ روپے بھتہ طلب کیا۔رپورٹس کے مطابق شہری امجد، اس کی اہلیہ اور دو کم سن بچوں کو پولیس اہلکاروں امتیاز اور مشتاق نے پولیس وین میں فورٹریس اسٹیڈیم سے اغوا کیا گیا اور 24 گھنٹے غالب مارکیٹ میں محبوس رکھا۔

اہلکاروں نے شہری سے 10 لاکھ روپے بھتہ طلب کیا، لیکن 80 ہزار روپے پر مک مکا ہوگیا۔جب خاتون فیروزہ نے 80 ہزار روپے کانسٹیبل مشتاق کو تھمائے تو ان کی کمسن بیٹی نے موبائل فون سے اس موقع کی فوٹیج بنالی۔فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کانسٹیبل مشتاق نے ٹیبل کے نیچے کر کے رقم گِنی اور پھر دراز میں رکھ لی۔

(جاری ہے)

رہائی پاتے ہی شہری امجد نے سی سی پی او کو درخواست دے دی، جس پر ایس ایس پی ایڈمن نے انکوائری کا آغاز کیا۔

انکوائری میں نام سامنے آنے پر اے ایس آئی امتیاز اور کانسٹیبل مشتاق نے تحریری معافی مانگ لی۔معافی نامے کے مطابق امجد کی فیملی کو شبہ کی بنیاد پر حراست میں لیا گیا، لیکن وہ تفتیش کے دوران بیگناہ نکلے۔اہلکاروں نے مزید کہا کہ وہ رشوت میں لی گئی 80 ہزار رقم اور 3 تولے سونا واپس کرنے کو تیار ہیں۔پولیس کے مطابق شہری امجد کے خلاف پہلے سے منشیات اور اسلحہ فروشی کے مقدمات درج ہیں، تاہم انکوائری جاری ہے۔