مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی‘ 5کشمیری نوجوان شہید

نوجوانوں کی شہادت کے بعد وادی میں سوگ‘ ضلع بھر میں احتجاج ‘ مظاہرین کی بھارتی فوج کیخلاف نعرے بازی مقبوضہ وادی غاصبو کشمیر ہمارا چھوڑ دو … لے کے رہیں گے آزادی کے نعروں سے گونج اٹھی بھارتی فوج کی مظاہرین کومنتشرکرنے کیلئے آنسو گیس کی شیلنگ اورہوئی فائرنگ

ہفتہ 26 مئی 2018 22:28

سری نگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 مئی2018ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی ریاستی دہشت گردی جاری ،ضلع کپواڑہ میں بھارتی فوج کی اشتعال انگیزی سے مزید 5 کشمیری نوجوان شہید کردیئے گئے،نوجوانوں کی شہادت کے بعد جنت نظیروادی مکمل طورپرسوگوار، ضلع بھر میں احتجاج کا سلسلہ شروع ہو گیا‘ مظاہرین نے بھارتی فوج کے خلاف نعرے بازی کی ‘مقبوضہ وادی غاصبو کشمیر ہمارا چھوڑ دو … لے کے رہیں گے آزادی کے نعروں سے گونج اٹھی ‘ بھارتی فوج نے مظاہرین کومنتشرکرنے کے لیے ان پر آنسو گیس کی شیلنگ اورہوئی فائرنگ کی۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابقبھارتی فوج کی جانب سے جاری بربریت اوراشتعال انگیزی دن بدن بڑھتی ہی جارہی ہے۔ اب ایک بارپھربھارتی فورسزنے ضلع کپواڑہ میں آپریشن کے دوران 5 نوجوانوں کوگرفتارکیا اورپھرفائرنگ کرکے شہید کردیا۔

(جاری ہے)

نوجوانوں کی شہادت کے بعد جنت نظیروادی مکمل طورپرسوگوارہے جب کہ ضلع بھر میں احتجاج کا سلسلہ شروع ہو گیا، مظاہرین نے بھارتی فوج کے خلاف نعرے بازی کی جب کہ فوج نے مظاہرین کومنتشرکرنے کے لیے آنسو گیس کی شیلنگ اورہوئی فائرنگ بھی کی۔

علاقے میں قابض فوج کا سرچ آپریشن اب بھی جاری ہے۔گزشتہ ماہ یکم اپریل کو بھی بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر کے ضلع اننت ناگ اور شوپیاں میں بربریت کا مظاہرہ کرتے ہوئے سرچ آپریشن کی آڑ میں 17 کشمیریوں کو شہید کردیا تھا۔جبکہ احتجاج کے لیے باہر نکلنے والوں پر گولیاں اور پیلٹ گن سے فائر کیے گئے تھے، جس کے نتیجے میں 100 سے زائد کشمیری زخمی ہوگئے تھے۔نوجوانوں کی میتیں گھروں کو پہنچنے پر غم و غصے کی لہر دوڑ گئی تھی اور جنوبی حصے سے شروع ہونے والا احتجاج کا سلسلہ پوری وادی میں پھیل گیا تھا جبکہ حریت قیادت نے 2 روزہ ہڑتال کا اعلان کیا تھا۔