مقبوضہ کشمیر کی صورتحال انتہائی سنگین ‘قتل و غارت گری، ظلم و جبر اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں عروج پر ہیں ‘بین الاقوامی مقتدر حلقوں‘عالمی برادری اور انسانی حقوق کی علمبردار تنظیموں کی خاموشی انتہائی افسوسناک ہے

پی وائی او ضلع میرپور کے صدر چوہدری لقمان لیاقت کی بات چیت

ہفتہ 26 مئی 2018 22:39

اسلام گڑھ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 مئی2018ء) پی وائی او ضلع میرپور کے صدر چوہدری لقمان لیاقت نے کہا ہے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال انتہائی سنگین ہو چکی ہے۔ قتل و غارت گری، ظلم و جبر اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں عروج پر ہیں لیکن اس کے باوجود بین الاقوامی مقتدر حلقوں،عالمی برادری اور انسانی حقوق کی علمبردار تنظیموں کی جانب سے خاموش تماشائی بنے رہنا انتہائی افسوسناک ہے۔

بھارتی قابض افواج نام نہاد سکیورٹی و سرچ آپریشن کے نام پر معصوم و نہتے کشمیریوں کو دن دھاڑے شہید کر رہی ہے جس پر ہمیں سخت تشویش ہے۔ بھارت سوچے سمجھے منصوبے کے تحت غلط بیانی کرتے ہوئے عالمی برادری کو یہ باور کروانے کی کوشش کر رہا ہے کہ وہ کشمیر میں دہشت گردوں کے خلاف ان آپریشنز کے تحت کارروائی کر رہا ہے حالانکہ حقیقت حال اس کے برعکس ہے اور بھارتی قابض افواج معصو م و غیر مسلح کشمیریوں کو اپنی دہشت گردی کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں سر عام قتل کر رہی ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہارا نہوں نے اسلام گڑھ جرنلسٹ فورم کے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے اپنے کرتوتوں پر پردہ ڈالنے کے لئے مقبوضہ کشمیر میں انٹر نیٹ اور دیگر ذرائع ابلاغ کی سروسز کو بند کر رکھا ہے تاکہ مظلوم کشمیریوں کی آہ وبکاہ عالمی دنیا تک نہ پہنچ سکے ۔مظلوم و محکوم کشمیریوں کی آواز کو دنیا کے ایوانوں تک پہنچانا ہم سب کی بنیادی ذمہ داری ہے کیونکہ وہ مجبور و محصور ہیں جبکہ ہم آزاد اور خود مختار ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ یوں تو تارکین وطن کمیونٹی کشمیریوں کو حق خودارادیت دئیے جانے کے سلسلے میں اپنا بھر پور کردار ادا کر رہی ہے ۔کشمیری عوام نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے مقبوضہ کشمیر کے دورہ کامکمل ہڑتال اور شٹر ڈاون کر کے مسترد کر دیا ہے جس نے دنیا کو یہ واضح پیغام دیا ہے کہ کشمیری بھارت سے آزادی چاہتے ہیں اور وہ کسی بھی صورت اس کے ساتھ نہیں رہنا چاہتے۔