الخدمت فائونڈیشن آزاد خطے میں شاندار رفاحی کام کررہی ہے ،فہیم کیانی،ڈاکٹر ریاض احمد

ہفتہ 26 مئی 2018 23:00

سلائو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 مئی2018ء) الخدمت فائونڈیشن آزاد جموں وکشمیر کے زیر اہتمام کوٹلی آغوش سینٹر کے قیام کے لیے سلائو میں چیئریٹی ڈنر کا اہتمام کیا گیا جس میں تمام مکاتب فکر کے افراد نے شرکت کی ،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر فہیم کیانی نے کہاکہ آزاد خطے میں الخدمت فائونڈیشن کی خدمات تاریخ کا سنہری باب ہیں ہزاروں یتیم بچوں کی کفالت ان کی تعلیم وتربیت کا اہتمام کرنا بہت بڑا کام ہے اسی طرح الخدمت فائونڈیشن متاثرین سیز فائر لائن کی امداد کے ساتھ ساتھ پینے کے صاف پانی اور صحت کے شعبے میں بھی گراں قدر خدمات سرانجام دے رہی ہے اس لیے برطانیہ میں مقیم اہل خیر اس فائونڈیشن کے ساتھ بھرپور تعاون کریں ،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے الخدمت فائونڈیشن آزادکشمیر کے صدر ڈاکٹر ریاض احمد نے کہاکہ ہماری کوشش ہے کہ پورے آزادکشمیر میں کوئی ایک نادار یتیم بچہ باقی نہ رہے جو تعلیم سے محروم رہ جائے یتیم بچوں کی کفالت کرنا اللہ کی رضا کا ذریعہ ہے قیامت کے دن یتیموں کی کفالت کرنے والا نبی پاک ؐ کے ساتھ ہو گا ،الخدمت فائونڈیشن نے باغ اور پونچھ میں آغوش سینٹرز قائم کیے ہیں جس میں یتیم بچوں کی تعلیم و تربیت کا اہتمام کیا جا تا ہے آج آغوش سینٹر کوٹلی کے حوالے سے ہم یہاں جمع ہیں ہماری کوشش ہے کہ کوٹلی میں بھی کیڈٹ کالج طرز کا آغوش سینٹر قائم ہو جائے تا کہ اس علاقے میں بسنے والے یتیم بچوں کی تعلیم وتربیت کا اہتمام ہو سکے اس موقع پر ایوب مسلم سمیت دیگر قائدین نے خطاب کیا ۔