عبوری حکومت کی تشکیل کیلئے قومی وطن پارٹی کو اعتماد میں نہیں لیاگیا جو جمہوری روایات کے منافی ہے ،سکندر حیات شیرپائو

ہفتہ 26 مئی 2018 23:09

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 مئی2018ء) قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپائونے کہا ہے کہ عبوری حکومت کی تشکیل کیلئے قومی وطن پارٹی کو اعتماد میں نہیں لیاگیا ،نہ ہی اس کی قیادت سے کسی قسم کی مشاورت کی گئی ،اس ضمن میں اپوزیشن لیڈر نے قومی وطن پارٹی سمیت دیگر اپوزیشن جماعتوں کیساتھ صلاح مشورہ تک گوارا نہیں کیا جو جمہوری روایات کے منافی ہے ، عبوری حکومت کیلئے جو نام سامنے آرہے ہیں اس سے گٹھ جوڑ کی بو اور بدنیتی عیاں ہوتی ہے۔

وہ گائوں شیرپائو میں پارٹی کے مختلف وفود کیساتھ گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر پارٹی کے ضلعی رہنماء ،ڈسٹرکٹ اور تحصیل ممبران بھی موجود تھے۔سکندر شیرپائو نے کہا کہ عبوری حکومت کی تشکیل کیلئے جو نام سامنے آرہے ہیں وہ مشاورت سے طے نہیں کئے گئے ،قومی وطن پارٹی سے اس معاملے میں کسی قسم کی مشاورت نہیں کی گئی۔

(جاری ہے)

انھوں نے فاٹا ریفارمز بل کی بھرپور حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ خیبر پختونخوا کی صوبائی اسمبلی میںفاٹا ریفارمز بل پیش کیا جا رہا ہے جس کو کثرت رائے سے منظور کیا جائے گا،فاٹا خیبر پختونخوا انضمام کیلئے قومی وطن پارٹی کی قیادت نے شروع دن سے عملی جدوجہدکی ہے اور انہی کی کائوشوں کے نتیجہ میں فاٹا کے غیور عوام کو ان کا جائز حق دلایاگیا۔

انھوں نے کہا کہ قبائلی عوام نے ملک کی خاطر بے تحاشہ قربانیاں دی ہیں اور ان کو قومی دھارے میں لانااور قومی معاملات میں شامل کرنا ان کا بنیادی ہے، مستقبل میں بھی قبائیلی عوام اور باالخصوص پختون قوم کے حقوق کیلئے قومی وطن پارٹی ہر فورم پر آوازاٹھاتی رہے گی اور کسی صورت ان سے کسی قسم کی زیادتی برداشت نہیں کریں گے۔انھوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی کا یہ نعرہ ہے کہ پختونوں کو عزت دو ،پختونوں کو تحفظ دواور اس کو عملی جامہ پہنانے کیلئے قومی وطن پارٹی کے تمام کارکن پوری طرح متحرک ہوکرجدوجہد کریں گے اور اس سلسلے میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔