الیکشن کمشنر پنجاب ظفر اقبال حسین نے عہدے کا باقاعدہ چارج سنبھال لیا ،انتخابات کے انتظامات کا جائزہ

فوج کی تعیناتی سے متعلق ابھی فیصلہ نہیں ہوا،انتہائی حساس پولنگ سٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے لگائے جائینگے‘گفتگو

ہفتہ 26 مئی 2018 23:09

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 مئی2018ء) نئے تعینات ہونے والے الیکشن کمشنر پنجاب ظفر اقبال حسین نے اپنے عہدے کا باقاعدہ چارج سنبھال لیا ،چارج سنبھالنے کے بعد آئندہ عام انتخابات کی تیاریاں کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ عام انتخابات کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، اسسٹنٹ پریذائڈنگ افسران اور معاون عملے کی تربیت مکمل ہو چکی ہے جبکہ پریذائڈنگ افسران کی تربیت پندرہ جون سے شروع ہو گی ،ریٹرننگ افسران کو انتخابات سے متعلق ابتدائی سامان دو یوم میں فراہم کر دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ انتخابات میں فوج کی تعیناتی سے متعلق ابھی فیصلہ نہیں ہواتاہم انتہائی حساس پولنگ سٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے لگائے جائیں گے۔ قانون کے تحت نئی حلقہ بندیوں سے متعلق آنے والی درخواستیں نمٹاناالیکشن کمیشن کا اختیار ہے ،لوکل گورنمنٹ کے انتخابات میں ڈیوٹی سرانجام دینے والے عملے کو معاوضے کی ادائیگی حکومت پنجاب کی ذمہ داری تھی الیکشن کمیشن نے معاوضہ ادا کرنے سے متعلق حکومت پنجاب کو خط لکھ دیا تھا۔