ڈپٹی کمشنر کا ماہ رمضان میں سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں اعتدال لانے کیلئے عام آدمی کے روپ میں منڈیوں کااچانک دورہ

ہفتہ 26 مئی 2018 23:17

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 مئی2018ء) ڈپٹی کمشنر پشاور ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں اعتدال لانے کے لیے علی الصبح عام آدمی کے روپ میں سبزی و پھل منڈیوں کااچانک دورہ کیا۔اس موقع پر ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ہیڈ کواٹرقیصر خان کنڈی، اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولرخالد خان،فوڈ انسپکٹر بلال اورگرداور واقف خان نے ڈپٹی کمشنر پشاور کو بولی کے عمل کے بارے میں تفصیل سے بریفنگ دی۔

ڈپٹی کمشنر پشاور نے منڈیوں کے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور سبزیوں اور پھلوں کی بولی کے بعداپنی نگرانی میں سرکاری نرخ نامہ جاری کیا۔اس موقع پر عوام اور آڑھتیوں نے ڈپٹی کمشنر پشاور سے ملاقات کی اور ان کو بولی کے عمل سے آگاہ کیا اور مزید بہتری کے لیے اپنی رائے دی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر بات کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر پشاور ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے کہا مصنوعی گرانفروشی کے خاتمے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیںگے۔

اور رمضان المبارک میں منڈیوں میںپھلوں اور سبزیوں کی قیمتوں کا جائزہ لینے اور سرکاری نرخ نامہ جاری کر نے کے لیے سپیشل سکواڈ تشکیل دیا گیا ہے اور اس میں شامل افسران روزانہ کی بنیاد پر صبح صادق کے وقت منڈیوں میں سرکاری نرخ نامہ جاری کر تے ہیں۔انھوں نے کہا کہ سرکاری نرخ نامے پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جا ئے گا اور اس ضمن میں تمام افسران کو سرکاری نرخ نامے کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں جبکہ سرکاری نرخ نامے کی خلاف ورزی اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔