پاکستان میں کرپشن کی بنیاد ضیاالحق نے رکھی ،شریف خاندان نے سیاست ہی کرپشن کرنے کے لئے کی ، دنیا حیران ہے گوالمنڈی میں 4 مرلے کے مکان میں رہنے والے خاندان نے اس قدر جناتی معاشی ترقی کیسے کی

پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل سید نیر حسین بخاری کی پارٹی وفود سے گفتگو

ہفتہ 26 مئی 2018 23:25

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 مئی2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل سید نیر حسین بخاری کہا ہے کہ پاکستان میں کرپشن کی بنیاد ضیاالحق نے رکھی۔ شریف خاندان نے سیاست ہی کرپشن کرنے کے لئے کی۔ دنیا حیران ہے کہ گوالمنڈی میں چار مرلے کے مکان میں رہنے والے خاندان نے اس قدر جناتی معاشی ترقی کیسے کی۔ ہفتہ کے روز پارٹی سیکریٹریٹ میںپارٹی کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کرپشن اور کرائم جاتی امراء کے شریفوں کا شیوا رہا ہے۔

ماڈل ٹائون سانحہ شہباز شریف کے خلاف مضبوط مقدمہ ہے۔ اتنے بڑے قتل عام کے باوجود شہباز شریف کا گرفتار نہ ہونا اور وزیراعلیٰ پنجاب کے منصب پر قائم رہنا قانون اور انصاف پر بیہودہ طنز ہے۔ نیر بخاری نے کہا کہ نواز شریف کو ابھی اعمال کی سزا نہیں ملی اس لئے سچ اور قانون کو چیلنج کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ رائے ونڈ مافیا اقتدار میں ہوتا ہے تو فرعون بن جاتا ہے۔ اقتدار سے باہر ہو تو مگرمچھ کے آنسو بہاتے ہیں۔ نواز شریف نے سیاست میں بھی دہشتگردی کی۔ اپنے چہیتے پولیس آفیسر رانا مقبول کو آئی جی پولیس سندھ بنا کر آصف علی زرداری کو قتل کرنے کی سازش کی۔ انہوں نے کہا کہ شریف خاندان کی میگا کرپشن کے تمام راز فاش ہو چکے اس لئے دونوں بھائی نزع کے عالم میں ہیں۔