ْٹریفک مسائل حل کیلئے کمشنر کراچی کی زیر صدارت اجلاس، ترجیحی اقدامات اٹھانے کا فیصلہ

ہفتہ 26 مئی 2018 23:27

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 مئی2018ء) شہر قائد میں بڑھتے ہوئے ٹریفک مسائل کے حل کے لیے کمشنر کراچی کی زیر صدارت ہفتے کو اجلاس منعقد ہوا، ترجیحی اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کمشنر کراچی اعجاز احمد خان نے ہدایت کی کہ ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے لیے ترجیحی اقدامات کیے جائیں۔

اعجاز احمد خان نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ شہر میں جگہ جگہ بے ہنگم پارکنگ ایریا ختم کیے جائیں، اور مافیا کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کیا جائے۔خیال رہے کہ شہر میں کھدی ہوئی سڑکوں اور بے ہنگم پارکنگز کی وجہ سے ٹریفک کے مسائل سنگین تر ہوگئے ہیں، خصوصاً روزہ افطار کرنے کے وقت شہریوں کو بہت تکلیف اٹھانی پڑ رہی ہے۔کمشنر کراچی نے چارجڈ پارکنگ کے مسئلے پر بھی ہدایات جاری کیں اور کہا کہ ضرورت ہے کہ چارجڈ پارکنگ کو بہتر بنایا جائے، چناں چہ اس سلسلے میں فوری اقدامات کیے جائیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے اسسٹنٹ کمشنرز کو بھی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تمام اسسٹنٹ کمشنرز اپنے اپنے علاقوں کی چارجڈ پارکنگز کا معائنہ کریں اور ان کی بہتری کے لیے اقدامات کریں۔کمشنر کراچی اعجاز احمد خان نے کہا کہ عید کے لیے شاپنگ کے سلسلے میں ٹریفک کی صورت حال کو قبل از وقت کنٹرول میں رکھنے کے لیے ٹریفک مینجمنٹ بورڈ کو فعال کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :