ہفتے سے افطار کے بعد بھی بازار خریداروں کیلئے کھلے رہے

ہفتہ مئی 23:27

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 مئی2018ء) آل کراچی تاجر اتحاد کے چئیرمین عتیق میر نے کہا ہے کہ رمضان کا پہلا عشرہ مکمل ہونے پر کراچی کے 20سے زائد تجارتی مراکز عید کی خریداری کیلئے آج سے افطار کے بعد مکمل طور پر کھلنا شروع ہوجائینگے،جبکہ رمضان المبارک کے آخری عشرے میں مارکیٹیں سحری تک بلاناغہ کھلی رہیں گی۔عتیق میر نے کہا ہے کہ آج سے صدر، حیدری، طارق روڈ، بہادر آباد، کلفٹن، ڈیفنس، زمزمہ، جامع کلاتھ،جوبلی، نرسری، لیاقت آباد، ایم اے جناح روڈ، گل پلازہ، حسن اسکوائر، گلشنِ اقبال، موتن داس مارکیٹ، لانڈھی، ملیر، گلستانِ جوہر اور دیگر علاقوں کی مارکیٹوں میں افطار کے بعد رمضان المبارک کی روائتی خریداری مکمل طور پر شروع ہوجائیگی۔

انہوں نے کہا کہ اگر حالات سازگار رہے تو رواں سال عید سیزن پر 60ارب روپے سے زائد خریداری متوقع ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تجارتی مراکز اور کاروباری سرگرمیاں بہتر طریقے سے جاری رکھنے کیلئے بجلی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جائے۔عتیق میر نے کہا کہ مختلف مارکیٹس میں پتھاروں اور تجاوزات کی روک تھام، ڈاکوؤں، لٹیروں، چوروں اور جیب کتروں کے خلاف قانون نافذ کرنے والے ادارے سخت نگرانی کریں۔انہوں نے کہا کہ ٹریفک کی روانی اور پارکنگ کی سہولت کے لیے موثر پلاننگ کی اشد ضرورت ہے۔