شہر کے ہر حلقہ کے لوگ اپنے اپنے علاقہ میں ترقیاتی کاموں کی نگرانی کریں ، میئر سکھر

ہفتہ 26 مئی 2018 23:42

سکھر۔ 26مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مئی2018ء) میئر سکھر میونسپل کارپوریشن بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے کہا ہے کہ شہر کی تمام یونین کمیٹیوں میں سڑکوں کی تعمیر، راستوں کی پختگی ، فراہمی و نکاسی آب کی لائنوں کی تنصیب، گٹرز ، مین ہولز، کی تعمیر بڑی تیزی سے جاری ہیں، لہٰذا شہر کے ہر حلقہ کے لوگ اپنے اپنے علاقہ میں ترقیاتی کاموں کی نگرانی کریں تاکہ ان کا معیار برقرار رہ سکے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یو سی 23 ( بشیر آباد / شاہ خالد کالونی) میں کھلی کچہری / افطار پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس کا اہتمام چیئرمین میر عبدالرحمن مینگل نے کیا تھا۔ اس موقع پر ڈپٹی میئر طارق چوہان ، پاکستان پیپلز پارٹی سٹی کے صدر مشتاق احمد سرہیو ، انفارمیشن سیکریٹری چوہدری اظہر ، یو سی چیئرمین محمد حنیف میمن، فرید علی صدیقی ، ڈاکٹر عبدالخالق جتوئی، غلام مرتضیٰ گھانگھرو اور علاقہ کے لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

میئر سکھر ارسلان اسلام شیخ نے کہا کہ کسی بھی جگہ کام شروع کرنے میں 6 ماہ لگ جاتے ہیں ، بہر کیف نہ صرف ضلعی سالانہ ترقیاتی پروگرام بلکہ رکن قومی اسمبلی کے فنڈ کے علاوہ وزیراعلیٰ سندھ سمیت جہاں سے بھی فنڈ ملا ہے ان سے کام کرارہے ہیں ، لہٰذا ہر یو سی میں محلہ کمیٹیاں بنائی جائیں جو تعمیراتی کاموں کی نگرانی کریں اور کاموں کی ترجیحات کا تعین بھی کریں۔

انہوں نے کہا کہ بشیر آباد میں ڈرینج کے مسئلہ کے حل کے علاوہ شاہ خالد کالونی میں 4 کروڑ روپے سے ضروری کام جاری ہیں، انہوں نے کہا کہ نہروں کے کنارے پر آباد لوگوں کی آبادکاری کے لئے 250 ایکڑ زمین حاصل کی جاچکی ہے ، ہر یو سی کو قرعہ اندازی کے ذریعے 9 ملازمتیں دی جائیں گی۔ میئر سکھر نے کہا کہ ہم نے میر عبدالرحمن کی نشاندہی پر کام کرائے ہیں ، آپ مزید نشاندہی کریں تاکہ باقی رہ جانے والے کام بھی کرادیئے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ بجلی ایک اجتماعی مسئلہ ہے ، سیپکو کے ٹرانسفارمر خراب ہورہے ہیں ، لوڈ شیڈنگ جاری ہے یہ وفاقی محکمہ ہے ، وفاق میں ہماری حکومت نہیں ہے بہر کیف ہم ہر وقت آپ کے ساتھ ہیں ۔ اس موقع پر یو سی چیئرمین میر عبدالرحمن مینگل نے کہا کہ آج کی کھلی کچہری کا مقصد میئر ، ڈپٹی میئر کو ان علاقوں کے مسائل سے آگاہ کرنا ہے، میں میئر صاحب کا ممنون ہوں کہ انہوں نے ہماری یو سی کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے ، شہر کی بڑی سڑکوں ملٹری روڈ سمیت LED اسٹریٹ لائٹ لگادی گئی ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ میئر سکھر کو یہاں بلانے کا مقصد بھی یہی تھا ، کھلی کچہری میں لوگوں نے اپنے مسائل سے آگاہ کیا اور مقامی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ میئر سکھر نے مزید کہا کہ صفائی کے نظام کو بھی بہتر بنایا جارہا ہے ، سینیٹری ورکرز کی تعداد بھی بڑھادی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بعض عناصر عملی کام کی بجائے تنقید پر یقین رکھتے ہیں جبکہ مسائل کا حل اسی طرح ممکن ہوتا ہے، شرکاء نے کہا کہ ان علاقوں میں پانی کا مسئلہ نہیں ہم ہر لمحہ آپ کے ساتھ ہیں۔